پاکستانی اداکارہ صبور علی اپنے نئے اور منفرد انداز کی وجہ سے سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔ حال ہی میں ایک فلم پریمیئر میں شرکت کے دوران انہوں نے روایتی خواتین کے ملبوسات کے بجائے مردوں کے کلیکشن سے شلوار قمیض کا انتخاب کیا، جس پر صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آرہے ہیں۔
صبور علی تقریب میں ہلکے آسمانی رنگ کی شلوار قمیض پہن کر پہنچیں، جس کے گلے پر نفیس کڑھائی موجود تھی۔ انہوں نے لباس کے ساتھ بالوں کو پیچھے کی جانب سیٹ کیا جبکہ میک اپ بھی انتہائی سادہ رکھا۔
صبور کا پہنا ہوا لباس فیشن برانڈ Mo By Mohsin Tawasuli کے مردانہ ملبوسات کے کلیکشن کا حصہ بتایا جارہا ہے۔ تاہم اداکارہ نے اسے اپنے انداز میں اسٹائل کرکے فلم پریمیئر کے لیے ایک مختلف لک تیار کیا۔
تقریب سے ان کی تصاویر سامنے آئیں تو لباس نے فوراً سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی۔ کچھ لوگوں کو صبور کا روایتی انداز سے ہٹ کر کیا گیا تجربہ پسند آیا، جبکہ متعدد صارفین نے مزاحیہ اور طنزیہ تبصرے کیے۔
صبور علی ان اداکاراؤں میں شامل ہیں جنہیں ناظرین نے کم عمری سے اسکرین پر دیکھا ہے۔ انہوں نے ڈرامہ ’’محمود آباد کی ملکائیں‘‘ سے اپنے ابتدائی کیریئر میں پہچان حاصل کی اور وقت کے ساتھ اداکاری کے ساتھ ان کے فیشن اور اسٹائل میں بھی نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آئی۔
حالیہ برسوں میں صبور اپنے لباس اور ذاتی اسٹائل کے حوالے سے مختلف تجربات کرتی نظر آتی ہیں اور سوشل میڈیا پر بھی اپنی پسند کے ملبوسات اعتماد کے ساتھ شیئر کرتی ہیں۔ اس بار مردانہ کلیکشن سے منتخب کیا گیا ان کا لباس اسی وجہ سے نئی بحث کا موضوع بن گیا ہے۔