پاکستان جانے کی دعوت کو خاص بلاوا سمجھتا ہوں، میکا سنگھ نے محبت کی وجہ بتا دی

image

مجھے پاکستان سے محبت ہے کیونکہ وہاں ہمارے مقدس گوردوارے موجود ہیں۔ جب بھی پاکستان سے دعوت آتی ہے تو مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے یہ کسی گوردوارے کی طرف سے بلاوا آیا ہو۔ میرے لیے پیسوں سے پہلے یہ عقیدت اور جذبات اہم ہیں۔

بھارتی گلوکار میکا سنگھ نے پاکستان سے اپنی محبت کی وجہ بتاتے ہوئے ایک بار پھر دونوں ممالک کے درمیان فنکاروں کے تبادلے کی حمایت کی ہے۔

حال ہی میں بھارتی پوڈکاسٹ باتیں دل سے ود نویکا کمار میں گفتگو کرتے ہوئے میکا سنگھ نے کہا کہ جب پاکستانی گلوکار بھارت آتے ہیں تو لوگ انہیں بے پناہ محبت اور عزت دیتے ہیں ان کے گانے سنتے اور ان سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ ایسے میں اگر کسی بھارتی فنکار کو پاکستان میں اسی طرح احترام ملتا ہے تو اس پر اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔

میکا سنگھ کے مطابق پاکستان سے ان کا تعلق صرف موسیقی یا پرفارمنس تک محدود نہیں بلکہ اس کے پیچھے مذہبی عقیدت بھی ہے۔ انہوں نے پنجہ صاحب اور ننکانہ صاحب سمیت پاکستان میں موجود سکھوں کے اہم مذہبی مقامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہی مقامات انہیں پاکستان کی طرف کھینچتے ہیں۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ جب بھی انہیں پاکستان آنے کی دعوت ملتی ہے تو وہ اسے محض ایک شو یا کمائی کا موقع نہیں سمجھتے بلکہ اپنے لیے ایک خاص "بلاوا" تصور کرتے ہیں۔

میکا سنگھ ماضی میں بھی کئی مرتبہ پاکستان آ چکے ہیں۔ 2019 میں کراچی میں ایک نجی تقریب میں ان کی پرفارمنس نے بھارت میں خاصا تنازع کھڑا کردیا تھا، جس کے بعد انہیں بھارتی شوبز حلقوں کی جانب سے سخت ردعمل اور پابندی کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US