’کم از کم ہنزہ کو تو چھوڑ دیں‘، ریزورٹ پارٹی کی ویڈیوز پر سوشل میڈیا صارفین برہم

image

پاکستان کے خوبصورت ترین سیاحتی مقامات میں شمار ہونے والا ہنزہ ان دنوں اپنے قدرتی حسن کے بجائے ایک ریزورٹ میں منعقد ہونے والی پارٹی کی وجہ سے سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہے، جس کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں نوجوان مرد و خواتین کو موسیقی پر رقص کرتے اور پارٹی سے لطف اندوز ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔ تقریب میں سوشل میڈیا انفلوئنسر زینب راجا کی موجودگی کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔

ویڈیوز سامنے آنے کے بعد بعض سوشل میڈیا صارفین نے تقریب میں مبینہ طور پر منشیات کے استعمال کے الزامات بھی لگائے، تاہم اس دعوے کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

معاملہ سوشل میڈیا تک محدود نہ رہا اور رپورٹس کے مطابق حکام نے کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ ریزورٹ کو سیل کردیا۔ اس اقدام کے باوجود آن لائن بحث جاری ہے اور متعدد صارفین نے ہنزہ جیسے پُرسکون سیاحتی علاقے میں ایسی تقریبات کے انعقاد پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

ہنزہ اپنی بلند و بالا پہاڑی چوٹیوں، جھیلوں، وادیوں اور منفرد مقامی ثقافت کے باعث ملک بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز رہتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پارٹی کی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد بحث صرف تقریب تک محدود نہیں رہی بلکہ سیاحتی مقامات پر تقریبات، مقامی روایات اور ذمہ دارانہ سیاحت کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US