پاکستانی شوبز انڈسٹری میں نیا تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ اداکار سعود قاسمی کی جانب سے نادیہ خان پر تنقید، نادیہ کے تیکھے جواب اور اب جویریہ سعود کی معنی خیز پوسٹ نے معاملے کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔
یہ سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب سعود قاسمی نے واسع چوہدری کے پروگرام گپ شپ میں شرکت کے دوران ٹی وی پر بڑھتے ہوئے تنازعات پر بات کی۔ سعود کا کہنا تھا کہ آج کل پروگراموں میں ایسے سوالات کیے جاتے ہیں جو دو لوگوں کے درمیان بلاوجہ اختلاف پیدا کرسکتے ہیں۔
گفتگو کے دوران انہوں نے نادیہ خان کا ذکر کرتے ہوئے انہیں شوبز شخصیات کے درمیان لڑائیاں شروع کروانے کی ایک بڑی وجہ قرار دیا۔ سعود نے حال ہی میں ڈیزائنر عامر عدنان کی بیٹی سے کیے گئے ایک سوال پر بھی اعتراض کیا اور ماضی میں ہمایوں سعید اور عتیقہ اوڈھو سے متعلق ہونے والی گفتگو کا حوالہ دیا۔
سعود کا کہنا تھا کہ ہماری انڈسٹری میں لوگ ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں اور زیادہ تر تنازعات چند دن بعد خود ہی ختم ہوجاتے ہیں، اس لیے ایسی باتوں کو مزید ہوا دینے کے بجائے ختم ہونے دینا چاہیے۔
نادیہ خان بھی خاموش نہیں رہیں اور سوشل میڈیا پر فوری جواب دے دیا۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا اس بیچارے پر ذرا ہاتھ ہلکا رکھیں، یہ فرضی کہانیاں بنا رہا ہے اور اس کی اپنی باتیں اسی کے خلاف جا رہی ہیں۔
نادیہ نے واسع چوہدری کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور ان پر اپنے پروگرام کی ریٹنگ کے لیے ان کا نام استعمال کرنے کا الزام لگایا۔ ساتھ ہی انہوں نے عمران اشرف کے پروگرام مذاق رات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس شو کی اپنی مقبولیت اور کشش ہے۔
بات یہاں بھی ختم نہیں ہوئی۔ شوہر پر ہونے والی تنقید کے بعد جویریہ سعود نے سوشل میڈیا پر ایک میم شیئر کیا جس پر لکھا تھا "پھپھے کُٹنی"۔ عام طور پر یہ لفظ ایسے شخص کے لیے طنزیہ انداز میں استعمال ہوتا ہے جو دوسروں کے معاملات میں دخل دے یا ادھر کی بات ادھر کرکے جھگڑے کروائے۔
جویریہ نے اپنی پوسٹ میں نادیہ خان کا نام نہیں لیا لیکن میم ایسے وقت میں سامنے آیا جب نادیہ اور سعود کے درمیان لفظی جنگ عروج پر تھی۔ اسی وجہ سے سوشل میڈیا صارفین نے اسے جاری تنازع سے جوڑ دیا۔
یوں سعود قاسمی کے ایک ٹی وی بیان سے شروع ہونے والی بحث اب تین معروف شوبز شخصیات تک پہنچ گئی ہے، اور نادیہ خان اور سعود کے درمیان جاری لفظی نوک جھونک میں جویریہ سعود کی انٹری نے سوشل میڈیا پر اس معاملے کو مزید موضوعِ بحث بنا دیا ہے۔