معروف انڈین اداکار نانا پاٹیکر 75 برس کی عمر میں وفات پا گئے ہیں۔ انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق نانا پاٹیکر نے گوا میں وفات پائی، جہاں انھوں نے اپنی زندگی کے آخری لمحات گزارے۔
’ہمارے بعد محفل میں افسانے بیان ہوں گے۔۔۔ بہاریں ہم کو ڈھونڈیں گی، ہم ناجانے کہاں ہوں گے۔۔۔‘
فلم ترکیب میں یہ یادگار ڈائیلاگادا کرنے والے معروف انڈین اداکار نانا پاٹیکر اپنے چاہنے والوں کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔
منفرد اندازِ اداکاری اور یادگار کرداروں کے ذریعے لاکھوں ناظرین کے دلوں میں گھر کرنے والے نانا پاٹیکر 75 برس کی عمر میں وفات پا گئے ہیں۔
انڈین خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق، نانا پاٹیکر کی وفات جمعرات کی علی الصبح گوا میں واقع اپنی رہائش گاہ پر دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔ 75 سالہ اداکار کو اپنے اپارٹمنٹ میں بے ہوش پائے جانے کے بعد گوا کے منی پال ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
بی بی سی مراٹھی کی معاون صحافی پراچی پرتیبھا شیریش سے نانا پاٹیکر کے بیٹے ملہار پاٹیکر نے اپنے والد کی وفات کی تصدیق کی ہے۔
نانا پاٹیکر کی وفات پر سینئر صحافی راج دیپ سردیسائی نے خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا ہے: ’ایک شاندار اداکار، لیکن اس سے بھی بڑھ کر ایک پیارے دوست، نانا پاٹیکر اب ہمارے درمیان نہیں رہے۔ کچھ دیر قبل گوا میں ان کی وفات ہو گئی۔‘
’کل ہی ان سے بات ہوئی تھی۔ ان کے آخری الفاظ تھے: ’کالجی گھے راجا‘(اپنا خیال رکھنا، راجا)۔ میں آپ کو پردے پر بھی اور پردے کے باہر بھی بہت یاد کروں گا، نانا صاحب۔ اچھے اور برے، ہر دور میں آپ ہمیشہ میرے ساتھ کھڑے رہے۔‘
نانا پاٹیکر کی صحت کے بارے میں اس سے قبل کوئی تشویش ناک اطلاع سامنے نہیں آئی تھی۔نانا پاٹیکر آخری بار وشال بھاردواج کی رومانوی ایکشن تھرلر فلم او رومیو میں نظر آئے تھے۔
اس فلم میں شاہد کپور اور ترپتی دمری مرکزی کرداروں میں تھے۔
فروری 2026 میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں پاٹیکر نے ممبئی انٹیلی جنس بیورو کے سربراہ اسماعیل خان کا کردار ادا کیا تھا۔
انھوں نے انیل کپور کی صوبیدار میں بھی اداکاری کی تھی، جس کا پریمیئر مارچ 2026 میں پرائم ویڈیو پر ہوا تھا۔
اس سے قبل وہ ہاؤس فل فائیو (2025) اور ونواس (2024) میں بھی نظر آئے تھے۔
پاٹیکر نے 2026 میں پرکاش جھا کی سیاسی ڈراما سیریز سنکلپ کے ذریعے او ٹی ٹی پر بھی ڈیبیو کیا تھا، جس میں انھوں نے ماٹ صاحب/کنہیا لال کا مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
نانا پاٹیکر کا فلمی سفر
نانا پاٹیکر ہندی اور مراٹھی سنیما کے سب سے معروف اداکاروں میں سے ایک تھے اور ان کا کیریئر کئی دہائیوں پر محیط تھا۔
ان کی اداکاری پرندا، پراہار: دی فائنل اٹیک، کرانتی ویر، اگنی ساکشی، خاموشی: دی میوزیکل، اب تک چھپن اور ویلکم جیسی فلموں میں بہت مقبول رہی۔
اداکاری کے علاوہ پاٹیکر نے پراہار: دی فائنل اٹیک کی ہدایت کاری بھی کی تھی۔
سنیما اور فنونِ لطیفہ کے شعبے میں ان کی خدمات کے اعتراف میں انھیں 2013 میں پدم شری سے نوازا گیا تھا۔
نانا پاٹیکر نے 1978 میں ریلیز ہونے والی فلم گمن سے بالی وڈ میں ڈیبیو کیا تھا۔
2000 کی دہائی کے آغاز میں ان کی اداکاری کو وسیع پیمانے پر سراہا گیا، خصوصاً شکتی: دی پاور (2002)، اب تک چھپن (2004)، اپہرن (2005) اور ٹیکسی نمبر 9211 (2006) میں۔
2007 میں ریلیز ہونے والی کامیڈی فلم ویلکم میں گینگسٹر ادے شیٹی کے کردار نے ناظرین کو خوب محظوظ کیا۔
انھوں نے اس کردار کو ویلکم بیک (2015) میں بھی دہرایا تھا۔
پاٹیکر نے کامیڈی تھرلر ہاؤس فل 5 میں بھی معاون کردار ادا کیا تھا۔
2010 میں وہ سیاسی تھرلر راج نیتی میں نظر آئے، جس کے لیے انھیں بہترین معاون اداکار کے زمرے میں پانچویں بار فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔
اداکاری کے علاوہ پاٹیکر نے پلے بیک سنگنگ میں بھی اپنی آواز کا جادو جگایا۔
انھوں نے یشونت (1997)، وجود (1998) اور آنچ (2003) جیسی فلموں میں گلوکار کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
نانا پاٹیکر کا کیریئر چار دہائیوں پر محیط تھا جس دوران انھوں نے اداکاری، ہدایت کاری اور تھیٹر، تینوں شعبوں میں کام کیا۔