"میں ہمیشہ سے حجاب کرنا چاہتی تھی، یہاں تک کہ اس خواہش کو پورا کرنے کے لیے رویا بھی کرتی تھی۔ اب اللہ کا شکر ہے کہ میری یہ خواہش پوری ہوگئی ہے۔ عمران اشرف نے کبھی مجھے حجاب کرنے کے لیے نہیں کہا تھا، یہ میرا اپنا فیصلہ ہے۔ اس نئے سفر میں میرا ساتھ دینے اور حوصلہ بڑھانے والے تمام لوگوں کی شکر گزار ہوں۔"
پاکستانی اداکارہ اور ماڈل کرن اشفاق حسین ڈار نے اپنی زندگی میں ایک اہم تبدیلی لاتے ہوئے مستقل طور پر حجاب اختیار کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ اداکارہ نے سوشل میڈیا پر اپنی نئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ حجاب کرنا ان کی دیرینہ خواہش تھی، جسے پورا کرکے وہ بے حد خوش ہیں۔
کرن اشفاق نے اپنے اس فیصلے کو زندگی کا ایک اہم مقصد قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اب آئندہ بھی حجاب کی پابندی کریں گی۔ ان کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف سوالات کیے گئے، جن کے اداکارہ نے خود جواب دیے۔
ایک صارف نے ان کی سابقہ ازدواجی زندگی سے متعلق سوال کیا تو کرن نے واضح کیا کہ ان کے سابق شوہر، اداکار عمران اشرف نے کبھی انہیں حجاب کرنے کا نہیں کہا تھا۔ ان کے مطابق یہ خواہش شروع سے ان کے اپنے دل میں موجود تھی اور اب انہوں نے اپنی مرضی سے اس پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ کرن اشفاق اس سے قبل معروف اداکار عمران اشرف کی اہلیہ تھیں، تاہم دونوں کی علیحدگی کے بعد انہوں نے دوسری شادی کرلی تھی۔ اب وہ اپنی نئی ازدواجی زندگی کے ساتھ مختلف سرگرمیوں میں بھی مصروف ہیں۔
اداکارہ نے اپنے نئے انداز کو پسند کرنے اور اس فیصلے میں ان کی حمایت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حجاب اختیار کرنا ان کے لیے ایک ذاتی اور اہم قدم ہے، جسے اٹھانے کی خواہش وہ طویل عرصے سے رکھتی تھیں۔