نانا پاٹیکر نے اپنی آخری رسومات کے لیے لکڑیاں پہلے ہی جمع کر رکھی تھیں

image

بالی ووڈ کے سینئر اداکار نانا پاٹیکر کے انتقال کے بعد ان کی شخصیت اور زندگی سے متعلق کئی یادیں سامنے آرہی ہیں۔ 75 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرنے والے اداکار کو ان کے ساتھی فنکاروں نے جذباتی انداز میں یاد کیا جبکہ معروف فوٹوگرافر اتل کاسبیکر نے ان کی زندگی کا ایک غیر معمولی واقعہ بیان کیا۔

اتل کاسبیکر کے مطابق ایک مرتبہ نانا پاٹیکر نے انہیں پونے کے قریب اپنے فارم ہاؤس کی سیر کروائی اور وہاں رکھی لکڑیاں دکھائیں جو انہوں نے اپنی آخری رسومات کے لیے جمع کی تھیں۔ وجہ پوچھنے پر اداکار نے اپنے مخصوص انداز میں بتایا کہ گیلی لکڑی سے زیادہ دھواں نکلتا ہے اور وہ نہیں چاہتے کہ آخری رسومات میں موجود لوگوں کی آنکھوں سے دھویں کی وجہ سے نکلنے والے پانی کو ان کے غم میں بہائے گئے آنسو سمجھا جائے۔

نانا پاٹیکر نے 2023 میں فلم ’دی ویکسین وار‘ کی تشہیر کے دوران بھی اس تیاری کا ذکر کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے تقریباً 12 من خشک لکڑیاں محفوظ کر رکھی ہیں، جنہیں وہ اپنی زندگی کی آخری ملکیت سمجھتے ہیں۔

دوسری جانب شاہ رخ خان نے بھی نانا پاٹیکر کو یاد کرتے ہوئے ان کی ایک نصیحت شیئر کی۔ شاہ رخ کے مطابق نانا نے انہیں سمجھایا تھا کہ شہرت اور ہیرو بننے کی کوشش میں اپنے اندر کے اداکار کو کبھی ختم نہ ہونے دینا۔

شاہ رخ خان نے اپنی پہلی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ نانا کے سامنے کچھ گھبرا گئے تھے اور بار بار اپنے بال درست کر رہے تھے۔ اس پر نانا نے ان کا ہاتھ ہٹاتے ہوئے انہیں ظاہری انداز کے بجائے اداکاری پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔

شاہ رخ کے مطابق نانا پاٹیکر خوشامد سے دور رہتے تھے اور ہمیشہ وہی بات کرتے تھے جو ان کے خیال میں درست ہوتی۔ انہوں نے نانا کو اپنا استاد، دوست اور رہنما قرار دیتے ہوئے ان کے ساتھ گزاری محفلوں، چائے اور کیرم کے کھیل کو بھی یاد کیا۔

اداکار انیل کپور بھی اپنے دیرینہ دوست کی جدائی پر افسردہ دکھائی دیے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر نانا کو پیار سے ’نانیا‘ کہتے ہوئے لکھا کہ پہلے ستیش کوشک اور اب نانا بھی انہیں چھوڑ کر چلے گئے۔ انیل کپور نے انہیں ایک غیر معمولی فنکار قرار دیا اور کہا کہ وہ فلمی سیٹ، فون پر ہونے والی گفتگو اور روزمرہ زندگی میں اپنے دوست کو بہت یاد کریں گے۔

واضح رہے کہ نانا پاٹیکر اور انیل کپور نے مشہور کامیڈی فلم ’ویلکم‘ میں اُدے شیٹی اور مجنوں بھائی کے کردار ادا کیے تھے جنہیں ناظرین آج بھی یاد کرتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق نانا پاٹیکر کو گوا میں شدید دل کا دورہ پڑنے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا جہاں طبی عملے کی کوششوں کے باوجود انہیں بچایا نہ جاسکا۔ بعدازاں ان کی آخری رسومات پونے کے قریب ان کے فارم ہاؤس میں ادا کی گئیں۔

نانا پاٹیکر اپنے سنجیدہ کرداروں، منفرد مکالموں اور صاف گو طبیعت کی وجہ سے پہچانے جاتے تھے۔ ان کے انتقال کے بعد ساتھی فنکاروں کی جانب سے سامنے آنے والی یادیں ان کی شخصیت کے ایسے پہلوؤں کو اجاگر کر رہی ہیں جن سے عام ناظرین زیادہ واقف نہیں تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US