پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی20 انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز آج راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہو گیا ہے۔ پہلے میچ میں سری لنکن ٹیم ٹاس جیت کر بیٹنگ کر رہی ہے۔
سری لنکن کپتان کوشال مینڈس کو آؤٹ کرنے کے بعد فاسٹ بولر نسیم شاہ جشن منا رہے ہیںپاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز آج راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہو گیا ہے۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی فاسٹ باؤلرز نے ابتدا ہی سے نپی تلی لائن اور لینتھ کے ذریعے رنز بنانا مشکل بنا دیا۔
سری لنکا کو اپنی اننگز کے آغاز میں ہی مشکل کا سامنا کرنا پڑا جب کپتان کوشل مینڈس پہلے ہی اوور میں صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ انھیں نسیم شاہ نے پویلین واپس بھیجا۔ کوشل مینڈس آف سائیڈ پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں تھرڈ مین پر کیچ دے بیٹھے۔
پہلی وکٹ گرنے کے بعد کامل مشارا کریز پر آئے اور لاہیرو اُدارا کے ساتھ اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی، تاہم وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔ محمد عمران نے تیسرے اوور میں مشارا کی مزاحمتی اننگز کا خاتمہ کیا۔ مشارا 13 گیندوں پر صرف چھ رنز بنا سکے اور فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
اس وقت لاہیرو اُدارا اور کمندو مینڈس وکٹ پر موجود ہیں جبکہ سری لنکا کا سکور سات اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 52 رنز ہے۔ پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور محمد عمران ایک، ایک وکٹ حاصل کر چکے ہیں۔
راولپنڈی کی پچ کے بارے میں ماہرین کا خیال تھا کہ یہ بیٹنگ کے لیے سازگار ثابت ہو گی، تاہم ابتدائی اوورز میں پاکستانی باؤلرز نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے سری لنکن بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔

پاکستانی ٹیم کی قیادت صاحبزادہ فرحان کر رہے ہیں جبکہ ٹیم میں فخر زمان، صائم ایوب، شاداب خان اور نسیم شاہ سمیت کئی تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں۔ دوسری جانب محمد عمران اور رضاوللہ نے قومی ٹیم کے لیے ڈیبیو کیا ہے۔
دوسری جانب سری لنکا کرکٹ ٹیم کی کپتان کوشل مینڈس کر رہے ہیں۔ سری لنکن ٹیم میں کامل مشارا، سینتھ جے وردھنے، لاہیرو اُدارا، سہان آراچچیگے، کامندو مینڈس، داسن شاناکا، چمیندو وکرماسنگھے، دونتھ ویلالاگے، مہیش تھیکشانا، وجے کانتھ ویاس کانتھ، بنورا فرنینڈو، نووان تھشارا، ایشان ملنگا اور دشمنتھا چمیرا شامل ہیں۔
تین میچوں کی اس سیریز کے باقی دو مقابلے 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی میں ہی کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے سہ فریقی سیریز کا آغاز ہو گا۔
پاکستان ٹیلی ویژن کے مطابق پاکستان، سری لنکا ٹی ٹوئنٹی اور سہ ملکی کرکٹ سیریز کے لیے راولپنڈی میں تقریباً چھ ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ شائقین کے لیے تین پارکنگ مقامات اور متبادل راستے مختص کیے گئے ہیں۔