یہی اصل انسانیت ہے، دوسرے فنکاروں کو بھی ان سے سبق سیکھنا چاہیے، پاکستانی اداکاروں نے فلسطینی بچوں کے دل جیت لیے

image

ایسے نیک کاموں کو زیادہ سے زیادہ سامنے لانا چاہیے تاکہ دوسرے فنکار بھی فلسطینیوں کی مدد کے لیے آگے آئیں۔ سوشل میڈیا صارفین نے غزہ کے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے اردن پہنچنے والے پاکستانی شوبز ستاروں کو خوب سراہا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ مشکل وقت میں فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہونا قابلِ تعریف عمل ہے اور دوسرے فنکاروں کو بھی اس مہم کا حصہ بننا چاہیے۔

پاکستان کے معروف اداکار جاوید شیخ، کبریٰ خان، گوہر رشید، احمد علی اکبر، صبا حمید، شگفتہ اعجاز، نبیل، خالد انعم اور علی خان سمیت کئی فنکار فلاحی تنظیم ایس کے ٹی ویلفیئر کے ساتھ 29 ستمبر سے 3 اکتوبر تک اردن میں موجود رہے۔ اس دورے کا مقصد غزہ سے بے گھر ہوکر اردن پہنچنے والے فلسطینی خاندانوں کی مدد کرنا اور ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا تھا۔

پاکستانی فنکاروں نے خود راشن کے ڈبے تیار کیے اور 500 سے زائد متاثرہ خاندانوں تک کھانے پینے کی ضروری اشیا پہنچائیں۔ ان میں ایسے گھرانے بھی شامل تھے جن کے بچے جنگ میں زخمی ہوئے یا کینسر، دل کی بیماریوں اور دیگر سنگین امراض میں مبتلا ہیں۔ امدادی سامان اسپتالوں اور متاثرین کی عارضی رہائش گاہوں تک پہنچایا گیا۔

اس دورے کے دوران فنکاروں نے بیمار فلسطینی بچوں کے ساتھ وقت بھی گزارا۔ ان کے لیے کھیلوں اور کھانے کا انتظام کیا گیا، جبکہ اداکاروں نے بچوں اور ان کے والدین کی باتیں سنیں اور انہیں حوصلہ دیا۔ اس فلاحی سرگرمی کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستانی فنکاروں کی تعریف کی جا رہی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ شہرت کو ضرورت مند انسانوں کی مدد کے لیے استعمال کرنا دوسرے شوبز ستاروں کے لیے بھی ایک اچھی مثال ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US