خیبر پختونخوا ایمرجنسی کا معاملہ پارلیمنٹ میں لایا جائے گا، پیپلز پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ

image

پاکستان پیپلز پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی کا ایک اہم اجلاس ایوانِ صدر اسلام آباد میں طلب کیا گیا جس کی صدارت صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مشترکہ طور پر کی۔

اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ، پارلیمانی امور اور زیرِ غور قانون سازی کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارٹی کے پارلیمانی ارکان کو موجودہ سیاسی صورتحال، حکومت کے ساتھ رابطوں اور پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے والے نئے بلوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کا معاملہ پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا جہاں منتخب نمائندے آئینی طریقہ کار کے مطابق اس پر غور کریں گے۔

نیر حسین بخاری نے اس بات پر زور دیا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت، آئین کی بالادستی اور پارلیمنٹ کی خودمختاری پر یقین رکھتی ہے اور غیر معمولی حالات میں آئینی اقدامات سیاسی مفادات کے بجائے آئینی تقاضوں کے مطابق ہونے چاہئیں۔ انہوں نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

دوسری جانب، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے درمیان پارلیمانی قانون سازی کے معاملات اور قومی اسمبلی و سینیٹ میں بلوں کی منظوری کے حوالے سے بھی مشاورت جاری ہے تاکہ دونوں جماعتوں کے درمیان قانون سازی میں تعاون کے معاملات کو آگے بڑھایا جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US