پائلٹس اور فضائی عملے کے بعض ارکان سفر کے دوران ہوٹل میں قیام کرتے ہوئے اپنا ایک جوتا پاسپورٹ، بٹوے اور دیگر قیمتی سامان کے ساتھ تجوری میں رکھ دیتے ہیں۔ اس عجیب و غریب عمل کے پیچھے ایک نہایت دلچسپ اور مفید وجہ چھپی ہے۔
دراصل فضائی عملے کے ارکان کو مسلسل سفر کرنا پڑتا ہے اور اکثر مختلف ہوٹلوں میں مختصر قیام کے بعد دوبارہ روانہ ہونا ہوتا ہے۔ ایسے میں جلد بازی کے باعث ضروری سامان بھول جانے کا خدشہ رہتا ہے۔
تجوری میں ایک جوتا رکھنے کا مقصد یہ ہے کہ ہوٹل سے روانگی کے وقت جب دوسرا جوتا نہ ملے تو فوراً تجوری میں رکھے قیمتی سامان کا خیال آ جائے۔ اس طرح پاسپورٹ، رقم، بٹوا اور دیگر ضروری اشیا بھولنے سے بچا جا سکتا ہے۔
یہ دلچسپ طریقہ نیدرلینڈز کی فضائی کمپنی KLM کی ایئر ہوسٹس ایستھر اسٹرس نے ٹک ٹاک پر شیئر کیا تھا، جس کے بعد ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
سوشل میڈیا صارفین نے خاص طور پر تجوری میں جوتا رکھنے کے طریقے کو سراہا۔ تاہم کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ اگر مسافر کے پاس جوتوں کی ایک سے زیادہ جوڑیاں ہوں تو یہ طریقہ ہمیشہ مؤثر ثابت نہیں ہوگا۔