آسٹریلیا کی معروف فضائی کمپنی قنطاس (Qantas) کے طیارے میں کھٹمل نکلنے اور مسافروں کو کاٹنے کی شکایات کے بعد اٹلی سے آسٹریلیا جانے والی پرواز منسوخ کر دی گئی جس کے باعث مسافروں کو غیر متوقع پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 9 اکتوبر کو آسٹریلیا کے شہر پرتھ سے اٹلی کے دارالحکومت روم جانے والی تقریباً 17 گھنٹے طویل پرواز کے دوران اکانومی کلاس میں سفر کرنے والے بعض افراد نے جسم پر کیڑوں کے کاٹنے کی شکایت کی۔
طیارے کے روم پہنچتے ہی انتظامیہ نے بوئنگ 787 کو عارضی طور پر پروازوں سے ہٹا دیا اور اس کی مکمل جانچ پڑتال اور خصوصی صفائی کا فیصلہ کیا۔ اسی وجہ سے 10 اکتوبر کو روم سے پرتھ واپس جانے والی پرواز بھی منسوخ کرنا پڑی۔
ایئرلائن انتظامیہ نے پیش آنے والی صورت حال پر معذرت کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ مسافروں کے لیے ہوٹل میں قیام کا بندوبست کیا گیا اور انہیں 48 گھنٹوں کے اندر دوسری پروازوں کے ذریعے روانہ کر دیا گیا۔
ماہرین کے مطابق کھٹمل مسافروں کے سامان یا کپڑوں کے ساتھ طیارے میں داخل ہو سکتے ہیں اور نشستوں کے چھوٹے حصوں میں چھپ جاتے ہیں۔ ان کے کاٹنے سے جلد پر خارش، سرخی اور سوجن ہو سکتی ہے، تاہم یہ عام طور پر بیماریوں کے پھیلاؤ کا ذریعہ نہیں سمجھے جاتے۔
قنطاس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس کے طیاروں کی معمول کے مطابق صفائی ہوتی ہے جبکہ حفاظتی اقدامات کے تحت ہر 50 دن بعد خصوصی جراثیم کش کارروائی بھی کی جاتی ہے۔