فرانس میں ہیکرز نے سپر مارکیٹس کے فریج کا درجہ حرارت 50 ڈگری تک پہنچا دیا، کروڑوں یورو کے نقصان کا خدشہ

image

فرانس میں ایک غیر معمولی سائبر حملے نے سیکڑوں سپر مارکیٹس کا نظام متاثر کر دیا، جہاں ہیکرز نے انٹرنیٹ سے منسلک فریج اور فریزر کا کنٹرول حاصل کرکے درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھا دیا۔ اس واقعے کے نتیجے میں بڑی مقدار میں کھانے پینے کی اشیا خراب ہوگئیں، جبکہ بعض مقامات پر آگ لگنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حملے سے فرانس کی معروف ریٹیل کمپنیاں کیریفور، انٹرمارشے، کوآپریٹو یو، مونوپری اور ای لی کلرک متاثر ہوئیں۔ صرف انٹرمارشے کے کم از کم 300، کوآپریٹو یو کے 100 سے زائد اور کیریفور کے تقریباً 80 اسٹورز میں ریفریجریشن کا نظام متاثر ہوا۔

ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ حملہ آوروں نے دور بیٹھ کر فریج اور فریزر میں برف پگھلانے والا نظام فعال کر دیا، جس سے بعض مشینوں کا درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ ٹھنڈک ختم ہونے کے باعث گوشت، دودھ، سبزیوں اور دیگر منجمد مصنوعات کے بڑے ذخیرے ناقابل استعمال ہوگئے۔

متاثرہ کمپنیوں کے مطابق خراب خوراک کو تلف کرنے اور مشینری کی بحالی پر بھاری اخراجات آنے کا امکان ہے۔ انٹرمارشے کے سربراہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایک ہی دن میں ہونے والا مالی نقصان کروڑوں یورو تک پہنچ سکتا ہے۔

فرانسیسی حکومت نے واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے قومی سائبر سکیورٹی ایجنسی کو تحقیقات کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔ تفتیش کے دوران ڈنمارک کی کمپنی ڈانفوس کے بعض پرانے سافٹ ویئر سسٹمز میں ممکنہ حفاظتی خامیوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

سائبر سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے حملوں کا خطرہ صرف فرانس تک محدود نہیں۔ اسپین، جرمنی، پرتگال، پولینڈ اور بیلجیم میں بھی کچھ نظام متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں، تاہم وہاں ہونے والے نقصان کی مکمل تفصیلات دستیاب نہیں۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ انٹرنیٹ سے منسلک صنعتی مشینوں کی مناسب حفاظت نہ کی جائے تو انہیں دور سے کنٹرول کرکے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا جاسکتا ہے۔ یہی کمزوریاں مستقبل میں بجلی کی فراہمی یا اسپتالوں جیسے اہم شعبوں کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہیں۔

فرانسیسی حکام تاحال حملے میں ملوث افراد کا سراغ نہیں لگا سکے۔ متاثرہ اسٹورز میں نظام کی بحالی اور مجموعی مالی نقصان کا اندازہ لگانے کا عمل جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US