75 سالہ شخص کو 30 سالہ خاتون سے محبت، منگنی کے بعد شادی کی تیاریاں شروع

image

بھارتی ریاست اترپردیش میں 75 سالہ شخص اور اس سے 45 سال چھوٹی خاتون کی محبت اور منگنی کی خبر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع اوریا کے رہائشی 75 سالہ رام ساگر نے 30 سالہ رینا راجپوت سے منگنی کرلی ہے، جبکہ دونوں نے جلد شادی کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق رینا راجپوت ایک انسٹاگرام بلاگر ہیں اور ضلع اوریا کے علاقے دیال پور کی رہائشی ہیں، جبکہ رام ساگر کا تعلق اسی ضلع کے گاؤں اریاری سے ہے۔

رام ساگر نے بتایا کہ رینا گزشتہ دو سال سے ان کے گھر آتی جاتی تھیں۔ اس دوران دونوں کے درمیان دوستی ہوئی جو وقت کے ساتھ محبت میں بدل گئی۔

رام ساگر کی بیٹی رادھا، جو خود بھی یوٹیوبر ہیں، نے بتایا کہ ان کی والدہ کا تقریباً سات سال قبل انتقال ہوگیا تھا۔ رینا اکثر ان کے گھر آتی تھیں اور وہ سب مل کر سوشل میڈیا کے لیے ویڈیوز بناتے تھے۔ اسی دوران ان کے والد اور رینا ایک دوسرے کے قریب آگئے۔

رادھا کے مطابق دونوں کی منگنی تقریباً ایک ہفتہ قبل اوریا کے ایک بیوٹی پارلر میں ہوئی، جہاں انہوں نے ایک دوسرے کو انگوٹھیاں پہنائیں۔ منگنی کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر سامنے آچکی ہے۔

دوسری جانب رینا راجپوت کا کہنا ہے کہ محبت میں عمر کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی اور وہ اپنے فیصلے سے بے حد خوش ہیں۔ ان کے مطابق دونوں باہمی رضامندی سے اس رشتے کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔

رینا نے مزید بتایا کہ منگنی ہوچکی ہے، تاہم شادی کی حتمی تاریخ ابھی طے نہیں کی گئی۔ نوراتری کے تہوار کے بعد شادی کی تاریخ مقرر کی جائے گی اور تقریب روایتی رسومات کے مطابق منعقد ہوگی۔

اس غیر معمولی رشتے پر سوشل میڈیا صارفین کی مختلف آرا سامنے آرہی ہیں۔ بعض افراد اسے سچی محبت کی مثال قرار دے رہے ہیں، جبکہ کچھ صارفین کا خیال ہے کہ یہ سب سوشل میڈیا پر مقبولیت اور ویوز حاصل کرنے کے لیے کیا جارہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US