سابق ٹیسٹ کپتان محمد یوسف نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی منصوبوں اور کھلاڑیوں کو فراہم کی جانے والی جدید سہولیات کا جائزہ لیا اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اقدامات کو سراہا۔
محمد یوسف نے کہا کہ انڈر 15، انڈر 17، انڈر 19 اور شاہینز پروگرامز مستقبل میں قومی ٹیم کے لیے باصلاحیت کھلاڑی تیار کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے نوجوان کرکٹرز کو بیرونِ ملک کھیلنے کے زیادہ مواقع دینے اور غیر ملکی بیٹنگ کوچ کی خدمات حاصل کرنے کی تجویز بھی دی۔
سابق کپتان نے بائیو مکینکس لیب کی اپ گریڈیشن، جدید ڈریسنگ رومز اور مختلف خصوصیات کی حامل پچز کی تیاری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید تربیت اور ویڈیو تجزیے سے کھلاڑیوں کی تکنیک بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔