امریکی ریاست ورجینیا میں ایک خاتون شوہر کی جانب سے تحفے میں ملنے والے لاٹری ٹکٹ سے 5 لاکھ 77 ہزار 777 ڈالر جیت کر کروڑ پتی بن گئی، جس کی پاکستانی کرنسی میں مالیت 16 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔
ورجینیا لاٹری حکام کے مطابق بیڈفورڈ کاؤنٹی سے تعلق رکھنے والی خاتون کے شوہر نے دو اسکریچ لاٹری ٹکٹ خریدے اور دونوں اپنی اہلیہ کو تحفے میں دے دیے۔ خاتون نے جب ٹکٹ اسکریچ کیا تو اس میں سب سے بڑا انعام نکل آیا، جس پر وہ حیران رہ گئی۔
خاتون نے حکام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شوہر کا دیا گیا تحفہ اس کے لیے خوش قسمتی لے کر آیا۔ انعامی رقم کے استعمال سے متعلق اس کا کہنا تھا کہ وہ کچھ رقم سیاحت پر خرچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ رپورٹ میں جوڑے کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔