یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب میں توانائی، ہوائی اڈوں اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے دعوے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔
رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 17 سینٹ اضافے کے بعد 110.03 ڈالر فی بیرل ہوگئی جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 1.68 ڈالر بڑھ کر 103.09 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔
اس سے قبل منافع سمیٹنے کے رجحان کے باعث برینٹ خام تیل کی قیمت میں 3 ڈالر سے زائد کمی ہوئی تھی۔
حوثیوں نے پیر کو دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے سعودی عرب میں آرامکو کی تنصیب، شیبہ آئل فیلڈ، ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابہا ایئرپورٹ سمیت متعدد اہداف کو نشانہ بنایا۔ خطے میں کشیدگی کے باعث عالمی توانائی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ پر نظر رکھی جارہی ہے۔