سہ فریقی سیریز کے دوسرے میچ میں انگلش بولرز کے آگے پاکستانی ٹاپ آرڈر لڑکھڑا گیا

راولپنڈی میں جاری سہ فریقی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ کا آغاز مایوس کن رہا ہے تاہم نوجوان بلے باز حسن نواز نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی۔

راولپنڈی میں جاری سہ فریقی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ کا آغاز مایوس کن رہا ہے تاہم نوجوان بلے باز حسن نواز نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی۔

32 اوورز کے اختتام پر پاکستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 160رنز بنا لیے تھے۔

انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور ان کے فاسٹ بولرز نے ابتدا ہی میں پاکستان کو دباؤ میں ڈال دیا۔ فخر زمان میچ کی پہلی ہی گیند پر گَس اٹکنسن کے ہاتھوں آوٹ ہو گئے جبکہ صائم ایوب بھی صرف آٹھ رنز بنانے کے بعد سونی بیکر کی شارٹ پچ گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

دو ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے بعد بابر اعظم نے محتاط انداز میں اننگز کو سہارا دیا۔ انھوں نے 52 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 34 رنز بنائے اور سعد بیگ کے ساتھ اہم شراکت قائم کی۔

تاہم وہ بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور وِل جیکس کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

بابر کے آؤٹ ہونے کے بعد سلمان آغا سے توقعات وابستہ تھیں، لیکن وہ بھی 19 گیندوں پر 16 رنز بنانے کے بعد عادل رشید کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔

ان کی وکٹ گرنے تک پاکستان 18.4 اوورز میں 81 رنز بنا چکا تھا جبکہ اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے اور انگلینڈ مکمل کنٹرول میں دکھائی دے رہا تھا۔

اس موقع پر سعد بیگ اور حسن نواز نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی اننگز کو سہارا دیا۔ حسن نواز نے جارحانہ اور اعتماد سے بھرپور بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی سست روی کا شکار اننگز کو رفتار بخشی، جبکہ سعد بیگ نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا۔ دونوں بلے بازوں نے ابتدائی جھٹکوں کے بعد نہ صرف وکٹوں کے گرنے کا سلسلہ روکا بلکہ انگلینڈ کے دباؤ کا بھی مؤثر انداز میں مقابلہ کرتے ہوئے ٹیم کو نسبتاً مستحکم پوزیشن میں پہنچا دیا۔

سعد بیگ نے 54 گیندوں پر 35 رنز بنائے جن میں پانچ چوکے شامل تھے، تاہم 28ویں اوور میں گَس اٹکنسن کی باؤنسر پر پل شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وہ سیم کرن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ان کی حسن نواز کے ساتھ شراکت نے پاکستان کو بڑے نقصان سے بچائے رکھا اور اننگز کو استحکام فراہم کیا۔

سعد بیگ کی وکٹ کے بعد عرفات منہاس کریز پر آئے اور حسن نواز کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھانے کی ذمہ داری سنبھالی۔ حسن نواز نے عادل رشید اور گَس اٹکنسن کے خلاف جارحانہ انداز اپناتے ہوئے اہم باؤنڈریز اور تین چھکے لگائے۔ انھوں نے 43 گیندوں پر 46 رنز بنائے جن میں تین چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔

انگلینڈ کی جانب سے گَس اٹکنسن سب سے کامیاب بولر رہے ہیں جنھوں نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سونی بیکر، وِل جیکس اور عادل رشید کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔ انگلش بولرز نے زیادہ تر وقت نپی تلی بولنگ کے ذریعے پاکستانی بیٹرز کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا، تاہم حسن نواز کی جوابی بیٹنگ نے میچ میں پاکستان کی امیدیں برقرار رکھی ہیں۔

pakistan cricket
Getty Images

کرکٹ تجزیہ کاروں کے مطابق راولپنڈی کی پچ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے، اس لیے پاکستان کی کوشش ہو گی کہ باقی ماندہ اوورز میں رنز کی رفتار بڑھا کر انگلینڈ کے سامنے ایک مسابقتی ہدف رکھا جائے۔

اس میچ میں پاکستان کی قیادت فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں جبکہ ٹیم میں فخر زمان، صائم ایوب، بابر اعظم، سعد بیگ (وکٹ کیپر)، سلمان آغا، حسن نواز، عرفات منہاس، فہیم اشرف، حارث رؤف اور نسیم شاہ شامل ہیں۔

دوسری جانب ہیری بروک انگلینڈ کے کپتان ہیں اور ان کے ساتھ ٹام بینٹن، بین ڈکٹ، جو روٹ، جارڈن کاکس (وکٹ کیپر)، سیم کرن، وِل جیکس، جیمی اوورٹن، گَس اٹکنسن، عادل رشید اور سونی بیکر انگلش ٹیم کا حصہ ہیں۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US