غزہ شہر میں رہائشی اپارٹمنٹ پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں فلسطینی میاں بیوی شہید ہوگئے، جبکہ یورپی یونین نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر اسرائیلی آبادکاروں کے حملوں کو ناقابلِ قبول قرار دے دیا ہے۔
چینی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق فلسطینی طبی اور مقامی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی طیارے نے غزہ شہر میں الشفا اسپتال کے مغرب میں واقع ایک رہائشی اپارٹمنٹ کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں عمارت میں آگ بھڑک اٹھی اور اسے شدید نقصان پہنچا۔
طبی ذرائع کے مطابق حملے میں اکرم یاسین اور ان کی اہلیہ دینا ابوبکر شہید ہوگئے، جن کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئیں۔
غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اکتوبر 2025 میں جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 1,522 فلسطینی شہید اور 5,421 زخمی ہوچکے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ کے دوران غزہ میں فلسطینی شہداء کی مجموعی تعداد 74,480 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 175,539 ہوچکی ہے۔
دوسری جانب یورپی یونین نے مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں پر اسرائیلی آبادکاروں کے حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔