سعودی قیادت میں قائم اتحادی افواج نے مدینہ منورہ اور سعودی عرب کے مشرقی علاقوں کی جانب آنے والے چار ڈرون کو فضائی دفاعی کارروائی کے دوران تباہ کردیا۔
اتحادی افواج کے ترجمان کے مطابق چاروں ڈرونز کو اپنے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی روک لیا گیا۔ تاہم ڈرونز کہاں سے بھیجے گئے، ان کے ممکنہ اہداف کیا تھے اور انہیں کس فریق نے بھیجا اس حوالے سے تاحال تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
دوسری جانب یمنی حکومتی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حوثی ملیشیا کے 558 جنگجوؤں کو ہلاک کرنے اور 135 فوجی گاڑیاں تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ یمنی فورسز کے مطابق صوبہ تعز میں حوثیوں کی پیش قدمی بھی روک دی گئی۔