برطانیہ کے بارکلے بینک نے اخراجات میں کمی اور آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر انحصار بڑھنے کی وجہ سے 2026 کے آخر تک دنیا بھر میں اپنے 5 ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
بینک کے مطابق اس کٹوتی سے اس کی عالمی افرادی قوت میں 5 فیصد کمی آئے گی، جس کے تحت اب تک ایک ہزار پوسٹیں ختم کی جاچکی ہیں جبکہ مزید 4 ہزار ملازمتیں رواں سال کے آخر تک ختم کر دی جائیں گی۔
بینک کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ ادارہ جاتی عمل کو آسان بنانے اور اے آئی کے ذریعے پیداواری صلاحیت اور افادیت میں اضافے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ متاثر ہونے والی ملازمتوں میں سے 60 فیصد کا تعلق سپورٹ فنکشنز سے ہے۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران بینک کے منافع میں 13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ہی اخراجات میں کمی کے لیے جاری بارکلے کی 3 سالہ مہم کا اختتام ملازمتوں کی اس کٹوتی پر ہورہا ہے۔