جیب میں رکھا موبائل فون اچانک پھٹ گیا، دو بچوں کا باپ جان کی بازی ہار گیا

image

بھارت میں موبائل فون پھٹنے کا ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں موٹر سائیکل پر گھر واپس جانے والا نوجوان جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر میں وکاس نامی شخص اپنی والدہ کو رشتے داروں کے گھر چھوڑ کر واپس آرہا تھا کہ راستے میں اس کی شرٹ کی جیب میں موجود فون اچانک زور دار آواز سے پھٹ گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دھماکے سے نوجوان موٹر سائیکل پر قابو نہ رکھ سکا اور سڑک پر جا گرا، جس کے باعث اس کے سر، سینے اور ہاتھوں پر شدید چوٹیں آئیں۔ مقامی افراد اور پولیس نے اسے فوری طور پر اسپتال پہنچایا، تاہم طبی امداد کے باوجود وہ اگلے روز دم توڑ گیا۔

اہل خانہ کے مطابق وکاس ایک شوگر مل میں ملازمت کرتا تھا اور اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا تھا۔ اس کے پسماندگان میں اہلیہ، چھ سالہ بیٹی اور تین سالہ بیٹا شامل ہیں۔ اس واقعے نے ایک خاندان کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے، جبکہ موبائل فون میں دھماکے کی اصل وجہ تاحال واضح نہیں ہوسکی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US