استنبول اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری، مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے مذاکرات پر زور

image

پاکستان، ترکیہ، مصر اور سعودی عرب نے مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ فلسطین میں دو ریاستی حل پر جلد عمل درآمد کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

استنبول میں چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں خطے میں امن و استحکام کے لیے قریبی مشاورت اور رابطے برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

مشترکہ اعلامیے میں یمن میں حوثی ملیشیا کی کارروائیوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان سرگرمیوں سے انسانی بحران مزید سنگین ہو رہا ہے۔ اعلامیے میں سعودی عرب پر حوثی حملوں، خصوصاً شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے، جبکہ بحیرۂ احمر اور باب المندب میں تجارتی جہازوں پر حملوں کی مذمت کی گئی۔ چاروں ممالک نے حوثی ملیشیا سے فوجی کارروائیاں فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا اور یمن کی حکومت اور سعودی عرب سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

اعلامیے کے مطابق امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان تنازع کا حل مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔ چاروں ممالک نے شہریوں، شہری تنصیبات اور جہازوں کو نشانہ بنانے سے گریز کرنے پر زور دیا اور پاکستان میں طے پانے والی مفاہمت کی یادداشت کی حمایت کا اعادہ کیا۔

چاروں ممالک نے آبنائے ہرمز میں محفوظ اور بلا رکاوٹ بحری آمدورفت کی فوری بحالی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ سمندری راستوں میں رکاوٹیں عالمی سپلائی چین، توانائی، کھاد اور خوراک کی ترسیل کو متاثر کرتی ہیں۔ اعلامیے میں قانونی بحری آمدورفت میں رکاوٹ ڈالنے والے اقدامات کو مسترد کیا گیا۔

فلسطین کے معاملے پر پاکستان، ترکیہ، مصر اور سعودی عرب نے دو ریاستی حل پر جلد عمل درآمد اور فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔

مشترکہ اعلامیے میں اسرائیلی قبضے کو خطے اور اس سے باہر عدم استحکام کی بنیادی وجوہات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے علاقائی مسائل کے حل کے لیے چاروں ممالک کے درمیان رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US