امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں سکیورٹی خطرات کے پیش نظر سعودی عرب میں غیر ہنگامی سفارتی عملے اور ان کے اہلِ خانہ کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت کر دی ہے، جبکہ خطے کے دیگر ممالک میں بھی امریکی سفارتی عملے کی تعداد کم کی جا رہی ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق اردن، قطر، متحدہ عرب امارات اور لبنان میں بھی امریکی سفارتی عملے کی تعداد محدود کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس اداروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایران پر ممکنہ امریکی حملوں کی صورت میں مشرقِ وسطیٰ میں تعینات امریکی اہلکار ایرانی حملوں کا نشانہ بن سکتے ہیں۔ ان خدشات کے پیش نظر امریکی سفارتی عملے کے انخلا کے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب ممکنہ سکیورٹی خطرات کے باعث امریکی شہریوں کے لیے عراق کا سفر نہ کرنے سے متعلق ہدایات میں بھی توسیع کر دی گئی ہے۔
امریکی اقدامات خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سفارتی عملے کی سلامتی سے متعلق خدشات کی عکاسی کرتے ہیں۔