ایران نے ہر ممکنہ صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا اعلان کرتے ہوئے مذاکرات کے ذریعے مسئلے کے حل کا امکان برقرار رکھنے کا عندیہ دے دیا۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے جرمن نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے کبھی مذاکرات کی میز نہیں چھوڑی اور سفارت کاری کا دروازہ بھی بند نہیں کیا۔ ان کے مطابق ایران اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے مکمل تیار ہے جبکہ ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ بھی جاری ہے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا ایران کے سامنے یک طرفہ مطالبات رکھ رہا ہے جن میں مکمل طور پر ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ایرانی اس مطالبے کو قبول نہیں کرے گا۔
ایرانی ترجمان نے یورپی ممالک پر زور دیا کہ وہ تنازع میں امریکا کا ساتھ دینے کے بجائے آزادانہ کردار ادا کریں۔ آبنائے ہرمز کی صورتِ حال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے لیے پورے خطے کو استعمال کر رہے ہیں، جس کے باعث یہ آبی گزرگاہ محفوظ نہیں رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتِ حال میں ایران اپنی علاقائی سالمیت، قومی سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔