امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحل کے قریب تاریخی بحری جہاز ایس ایس یونائیٹڈ اسٹیٹس کو سمندر میں ڈبونے کی تیاریاں جاری ہیں، جہاں اسے دنیا کی سب سے بڑی مصنوعی آبی چٹان میں تبدیل کیا جائے گا۔
اوکالوسا کاؤنٹی کے حکام کے مطابق تقریباً 305 میٹر طویل جہاز کو نومبر کے دوسرے ہفتے میں خلیج میکسیکو میں ڈبونے کا منصوبہ ہے، تاہم موسم کے باعث تاریخ تبدیل ہوسکتی ہے۔ یہ جہاز 1952 میں بحرِ اوقیانوس عبور کرنے کی رفتار کا ریکارڈ قائم کرچکا ہے۔
منصوبے کے حامیوں کو امید ہے کہ جہاز سمندری حیات کے لیے نیا مسکن بنے گا اور غوطہ خوروں کے لیے سیاحتی مقام بن جائے گا۔ حکام کے مطابق اس منصوبے سے مقامی سیاحت کو سالانہ لاکھوں ڈالر کا فائدہ پہنچنے اور ہوٹلوں، ڈائیونگ مراکز اور ماہی گیری کے کاروبار کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔