پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان برقرار رہا جہاں کے ایس ای 100 انڈیکس 1456 پوائنٹس سے زائد اضافے کے ساتھ 167,193 پوائنٹس پر بند ہوا۔کاروبار کے دوران انڈیکس 167,500 پوائنٹس کی سطح کے قریب پہنچا دوپہر میں کچھ کمی کے بعد سہ پہر کے سیشن میں دوبارہ تیزی دیکھی گئی۔
دوسری جانب عالمی حصص بازاروں میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے وابستہ کمپنیوں کے مالی نتائج پر سرمایہ کاروں کے ملے جلے ردِعمل کے باعث دباؤ دیکھا گیا۔ الفابیٹ کے حصص آفٹر آورز ٹریڈنگ میں تقریباً 10 فیصد گر گئےجس سے کمپنی کی مارکیٹ ویلیو میں تقریباً 400 ارب ڈالر کی کمی ہوئی، جبکہ نیسڈیک فیوچرز بھی ایک فیصد نیچے آگئے۔
اس کے برعکس مائیکروسافٹ کے توقعات سے بہتر مالی نتائج کے بعد اس کے حصص میں تین فیصد اضافہ ہوا۔ سام سنگ الیکٹرانکس نے بھی اے آئی چپس کی مضبوط طلب کے باعث تیسری سہ ماہی میں آپریٹنگ منافع تقریباً نو گنا بڑھنے کی اطلاع دی، تاہم کمپنی کے حصص چار فیصد سے زیادہ گر گئے، جس کے نتیجے میں جنوبی کوریا کے کوسپی انڈیکس میں 2.6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ایشیائی منڈیوں میں بھی ملا جلا رجحان رہا، جہاں ایم ایس سی آئی ایشیا پیسیفک انڈیکس میں 0.7 فیصد کمی، چین کے بلیو چپ انڈیکس میں 0.9 فیصد کمی اور ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں 0.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔