8 سال پہلے اجنبی نوجوان کی مدد کرنے والی خاتون مشکل میں پڑ گئی، نوجوان نے احسان کا بدلہ چکا دیا

image

چین میں انسانیت اور احسان مندی کا ایک خوبصورت واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں آٹھ سال قبل ایک اجنبی نوجوان کی مالی مدد کرنے والی خاتون کو اس وقت خوشگوار حیرت ہوئی جب وہی نوجوان ان کی زندگی کے مشکل وقت میں سہارا بننے پہنچ گیا۔

یہ کہانی چین کے صوبے شان ڈونگ سے تعلق رکھنے والے وانگ شومینگ اور ووہان شہر میں کپڑوں کی دکان چلانے والی زیو شوئی وائی کی ہے جن کی دوستی کا آغاز 2018 میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سے ہوا تھا۔

وانگ شومینگ بچپن میں شدید بخار کے بعد جسمانی معذوری کا شکار ہوگئے تھے جس کے باعث انہیں چلنے، بولنے اور ہاتھ حرکت دینے میں مشکلات پیش آتی تھیں۔ سال 2018 میں انہوں نے اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کی کوشش میں گھر چھوڑا، لیکن مالی حالات اتنے خراب ہوگئے کہ کھانا خریدنے کے لیے بھی رقم باقی نہ رہی۔

نوجوان نے اپنی پریشانی بیان کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جو ووہان میں رہنے والی 33 سالہ زیو شوئی وائی تک پہنچ گئی۔ خاتون نے اس اجنبی کی حالت دیکھ کر فوری طور پر 500 یوآن اس کے اکاؤنٹ میں منتقل کردیے۔ وانگ نے ابتدا میں مدد قبول کرنے سے انکار کیا تاہم خاتون کے اصرار پر رقم رکھ لی۔

جب نوجوان کے حالات کچھ بہتر ہوئے تو اس نے رقم واپس کرنے کی کوشش کی لیکن خاتون نے لینے سے انکار کردیا۔ اس کے بعد وانگ نے شکریے کے طور پر اپنے خاندان کے باغات سے سیبوں کے 12 ڈبے انہیں بھجوائے۔ یہی چھوٹا سا تحفہ دونوں کے درمیان ایک طویل دوستی کی بنیاد بن گیا۔

اگلے آٹھ برسوں کے دوران دونوں مسلسل رابطے میں رہے۔ وانگ ہر سال اپنے علاقے سے سیب، چیری اور سمندری خوراک کے تحائف بھیجتا جبکہ زیو اس کے خاندان کے لیے کپڑے بھجواتیں۔ خاتون نے نوجوان کے خاندانی کاروبار میں بھی مدد کی اور ان کے سیب فروخت کروانے میں اپنا کردار ادا کیا۔

حال ہی میں وانگ نے خاتون کو پیغام بھیجا کہ اب اس کے معاشی حالات پہلے سے بہتر ہیں اور اسے مزید مدد کی ضرورت نہیں۔ جواب میں زیو نے اس کی کامیابی پر خوشی ظاہر کی، لیکن ساتھ ہی بتایا کہ گزشتہ دو سال ان کے لیے مالی اور ذاتی مشکلات سے بھرپور رہے ہیں۔

یہ جان کر وانگ نے اپنی پرانی محسنہ سے ملنے کا فیصلہ کیا۔ *17 اکتوبر کو وہ اچانک خاتون کی دکان پر پہنچ گیا۔ آٹھ سال کی دوستی میں یہ پہلا موقع تھا جب دونوں آمنے سامنے مل رہے تھے۔

مختصر ملاقات کے بعد نوجوان وہاں سے چلا گیا مگر کچھ دیر بعد خاتون کو اس کا پیغام موصول ہوا کہ وہ دکان میں ایک لفافہ چھوڑ آیا ہے، جس میں ایک ہزار یوآن موجود ہیں۔ وانگ نے امید ظاہر کی کہ اس معمولی رقم سے خاتون کی کچھ پریشانیاں کم ہو سکیں گی۔

زیو نے پیسے واپس کرنے کی بھرپور کوشش کی، لیکن نوجوان نے صاف انکار کردیا۔ آخرکار خاتون نے اسے دوبارہ مدعو کیا، رات کے کھانے کی دعوت دی اور ووہان شہر کی سیر بھی کروائی۔

وانگ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی محسنہ کے لیے اس سے کہیں زیادہ کرنا چاہتا تھا، لیکن اس کے وسائل محدود ہیں۔ اس نے بتایا کہ آٹھ سال پہلے جب اس نے مدد کی درخواست کی تھی تو اسے یقین نہیں تھا کہ کوئی اجنبی اس کی پریشانی سمجھے گا۔

اس کہانی کا ایک اور دلچسپ پہلو اس وقت سامنے آیا جب زیو سے پوچھا گیا کہ انہوں نے ایک نامعلوم نوجوان کی مدد کیوں کی تھی۔ خاتون نے بتایا کہ جب وہ صرف 17 سال کی تھیں تو ایک خاتون نے ان کی زندگی کے مشکل وقت میں مدد کی تھی۔ ان کے مطابق اگر اس وقت وہ سہارا نہ ملتا تو شاید ان کی زندگی بہت مختلف ہوتی۔

چین میں سامنے آنے والا یہ واقعہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ کسی کی مشکل وقت میں کی گئی مدد برسوں بعد بھی یاد رکھی جا سکتی ہے۔ ایک معمولی مالی تعاون سے شروع ہونے والا تعلق نہ صرف مضبوط دوستی میں بدل گیا بلکہ آٹھ سال بعد اسی نیکی کا صلہ بھی سامنے آگیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US