سائیکل پر ڈیلیوری کرنے والے نوجوان کو مفت اسکوٹر مل گئی، خوشی سے رو پڑا، ویڈیو وائرل

image

بھارت میں سائیکل پر سامان پہنچا کر روزی کمانے والے ایک نوجوان کی زندگی میں اس وقت خوشگوار تبدیلی آئی جب اسے اچانک ایک نئی الیکٹرک اسکوٹر تحفے میں دے دی گئی۔ غیر متوقع تحفہ دیکھ کر نوجوان اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکا اور خوشی سے رونے لگا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ حاصل کر رہی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ معروف کاروباری شخصیت اننت امبانی کی فلاحی تنظیم سے منسوب ایک مہم کے دوران پیش آیا، جس میں سماجی کارکن حسین منصوری نے آن لائن ڈیلیوری کمپنی بلنک اِٹ کے لیے کام کرنے والے سجیت نامی نوجوان کی مدد کی۔

وائرل ویڈیو میں حسین منصوری کو سڑک پر سائیکل چلاتے ایک ڈیلیوری ورکر سے بات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ گفتگو کے دوران انہوں نے نوجوان سے پوچھا کہ وہ سامان پہنچانے کے لیے موٹر سائیکل یا اسکوٹر کیوں استعمال نہیں کرتا؟ اس پر سجیت نے سادگی سے جواب دیا کہ اس کے پاس صرف سائیکل ہے جبکہ محدود آمدنی میں اسکوٹر خریدنا اس کے لیے ممکن نہیں۔

نوجوان کی مالی مشکلات جاننے کے بعد حسین نے اسے پہلے اپنا کام مکمل کرنے دیا اور پھر ایک دوسری جگہ لے گئے، جہاں اس کے لیے خصوصی تحفے کا انتظام کیا گیا تھا۔ سجیت کی آنکھوں پر پٹی باندھ کر اسے ایک سرخ کپڑے سے ڈھکی ہوئی الیکٹرک اسکوٹر کے سامنے کھڑا کیا گیا۔

جیسے ہی اس کی آنکھوں سے پٹی ہٹائی گئی اور تحفہ سامنے آیا، وہ چند لمحوں کے لیے حیران رہ گیا۔ پھر اس کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگے اور اس نے حسین منصوری کو گلے لگا کر شکریہ ادا کیا۔ سجیت کا کہنا تھا کہ اس نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ ایک دن اس کے پاس اپنی اسکوٹر ہوگی۔

اس موقع پر نوجوان نے حسین منصوری کو نئی اسکوٹر پر بٹھا کر ان کی تصویر بھی بنائی اور کہا کہ وہ اس دن کی یاد ہمیشہ اپنے پاس محفوظ رکھے گا۔

رپورٹس کے مطابق اس فلاحی اقدام کا مقصد کم آمدنی والے ڈیلیوری ورکرز کی مشکلات کم کرنا اور انہیں روزگار کے لیے بہتر سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اس ویڈیو نے ایک بار پھر ان محنت کش افراد کی مشکلات کو اجاگر کیا ہے جو محدود وسائل کے باوجود روزانہ طویل فاصلے طے کرکے اپنا گھر چلاتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US