امریکی پائلٹ کا کمال: آسمان پر طیارے کی مدد سے 'جی ٹی اے 6' کا دیوہیکل خاکہ بنا ڈالا

image

امریکا کے ایک پائلٹ بینجمن میک ڈینیئل، جو سوشل میڈیا پر 'دی پائلٹ پکاسو' کے نام سے معروف ہیں، نے ہوا بازی اور فن سے اپنی دلچسپی کا منفرد مظاہرہ کرتے ہوئے مقبول ویڈیو گیم 'جی ٹی اے 6' کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے آسمان پر طیارے کی مدد سے اس کا ایک دیوہیکل خاکہ بنا ڈالا۔

انہوں نے اپنے سیسنا اسکائی لین آر جی طیارے کو پہلے سے طے شدہ راستے پر چلا کر یہ خاکہ تیار کیا۔

بينجمن نے آرکنساس کے شہر بینٹن وِل کے ہوائی اڈے سے صبح 11 بج کر 29 منٹ پر پرواز کا آغاز کیا اور شام تقریباً 7 بج کر 37 منٹ پر واپس پہنچے، یوں اس پرواز کا کل دورانیہ 8 گھنٹے اور 8 منٹ رہا۔

آسمان پر بنائے گئے اس منفرد خاکے میں 'جی ٹی اے 6' کا لوگو ایک ہیلی کاپٹر کے نیچے دکھائی دیتا ہے، جبکہ اس کے ساتھ فلوریڈا سے متاثر مختلف مناظر بھی شامل ہیں، جن میں مگرمچھ، کھجور کے درخت، اسپورٹس کار اور ایک خاتون کا خاکہ بنایا گیا ہے۔

پائلٹ کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کا فن پارہ تخلیق کرنے کے لیے طیارے کی کارکردگی، موڑ، بلندی اور مقام کو مدنظر رکھتے ہوئے پرواز کا محفوظ راستہ ترتیب دینا پڑا۔

انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ آسمان پر یہ خاکہ بنانے میں 8 گھنٹے لگے لیکن وہ اس لمحے کا 11 سال سے انتظار کر رہے تھے۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان کی اس غیر معمولی کاوش کو بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US