برطانیہ سے تعلق رکھنے والی خاتون برینڈا ولیسن نے 105.9 ڈیسی بل کی آواز میں چیخ کر دنیا کی بلند ترین چیخ کا گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا، جس کے بعد انہیں دو عالمی اعزازات سے نوازا گیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق برینڈا ولیسن 1987 سے پیٹربورو میں بطور ٹاؤن کرائر (عوامی اعلانات کرنے والی منادی) خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے 9 ستمبر کو عالمی ریکارڈ بنانے کی باضابطہ کوشش کے دوران روایتی نعرہ ’’اوییز‘‘ 105.9 ڈیسی بل کی شدت سے بلند کیا۔
اس کامیابی پر برینڈا ولیسن کو دو عالمی ریکارڈز دیے گئے، جن میں دنیا کی سب سے بلند آواز والی خاتون ٹاؤن کرائر اور خواتین کی کیٹیگری میں کسی فرد کی جانب سے بلند ترین چیخ کا اعزاز شامل ہے۔
واضح رہے کہ ’’اوییز‘‘ کا لفظ روایتی طور پر ٹاؤن کرائرز عوامی اعلانات سے قبل لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں، جس کے معنی ’’سنیے‘‘ یا ’’توجہ فرمائیے‘‘ کے ہیں۔
برینڈا ولیسن کا کہنا ہے کہ ریکارڈ بنانے کی کوشش کے دوران انہیں محسوس ہوا کہ ان کی آواز اپنی ممکنہ بلند ترین سطح تک نہیں پہنچ سکی تھی۔ انہوں نے 1987 میں پیٹربورو کی ٹاؤن کرائر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور گزشتہ کئی دہائیوں سے اس منفرد پیشے سے وابستہ ہیں۔