صوبائی وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع حسین نے رواں سال صنعت و کاروبار کے فروغ کے لیے 300 ارب روپے کا بڑا پروگرام شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے کے تحت کاروباری افراد کو 10 کروڑ روپے تک بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا۔
اس حوالے سے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پیسک ہاؤس ڈیوس روڈ لاہور میں منعقد ہوا، جس میں ایک نکاتی ایجنڈے کا تفصیلی جائزہ لینے کے ساتھ صوبے میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں ملازمین کی پنشن سے متعلق فیصلے کے خلاف وفاقی آئینی عدالت میں اپیل دائر کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ کے فیصلے کو وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران صوبے کی 24 سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے کاموں کو تیز کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ منڈی بہاؤالدین میں پہلی سمال انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کردی گئی ہے، جہاں صنعتی پلاٹوں کے حصول کا تمام عمل آن لائن ہوگا، جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے 20 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ آسان کاروبار فنانس اسکیم کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ نئے 300 ارب روپے کے پروگرام میں 10 کروڑ روپے تک کے قرضے بلاسود فراہم کیے جائیں گے، جبکہ 10 کروڑ سے ایک ارب روپے تک کے قرضوں پر 3 فیصد اور ایک ارب سے 5 ارب روپے تک کے قرضوں پر 5 فیصد مارک اپ وصول کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب صنعتی سرگرمیوں میں اضافے، کاروباری مواقع پیدا کرنے اور سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔