پاکستان کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخی ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
میچ کے دوران ڈیبیو کرنے والے تین پاکستانی کھلاڑیوں طیب عارف، محمد طحہٰ اور عرفات منہاس نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔
طیب عارف نے 51 گیندوں پر 9 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 57 رنز بنائے، محمد طحہٰ نے 105 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 51 رنز اسکور کیے، جبکہ عرفات منہاس نے 72 گیندوں پر 9 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس شاندار کارکردگی کے بعد پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 434 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کردی۔
اس کارنامے کے ساتھ قومی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی دوسری ایسی ٹیم بن گئی ہے جس کے تین کھلاڑیوں نے ڈیبیو میچ کی ایک ہی اننگز میں نصف سنچریاں اسکور کی ہوں۔
اس سے قبل یہ کارنامہ 1992ء میں زمبابوے نے بھارت کے خلاف اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں انجام دیا تھا، جہاں زمبابوے کے ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں اینڈی فلاور (59)، گرانٹ فلاور (82) اور ڈیو ہاؤٹن (121) نے نصف سنچریاں یا اس سے زائد رنز بنائے تھے۔