مہندر کمار، جو کبھی ایک قد آور اور مضبوط فاسٹ بولر ہوا کرتے تھے، انہیں پاکستان کی جانب سے کھیلنے کا موقع نہ ملنے کا کوئی پچھتاوا نہیں ہے، البتہ وہ ہندو اور دیگر اقلیتی برادریوں کے نوجوان کرکٹرز میں پاکستان کرکٹ میں بڑا نام بنانے کے لیے دلچسپی کے فقدان پر ضرور غور کرتے ہیں۔
مہندر نے کراچی کے تاریخی 133 سال پرانے کراچی پارسی انسٹی ٹیوٹ (کے پی آئی) گراؤنڈ کے ایک کونے میں بیٹھ کر نیٹس میں نوجوان کرکٹرز کے ایک گروپ کی نگرانی کرتے ہوئے کہا، "میرے خیال میں میری برادری میں ٹیلنٹ موجود ہے لیکن نوجوانوں کو کرکٹ کے نظام پر اعتماد نہیں ہے کہ ان کے ساتھ میرٹ پر سلوک کیا جائے گا۔"
پاکستان کرکٹ میں مہندر کی کہانی اور کرکٹ کے لیے ان کا جنون دونوں ہی غیر معمولی ہیں۔ 118 فرسٹ کلاس اور لسٹ اے میچوں کے تجربہ کار اور 250 سے زائد وکٹیں لینے والے مہندر کبھی ایک انتہائی مطلوب فاسٹ بولر تھے جنہوں نے کراچی، سندھ اور صفِ اول کی ڈپارٹمنٹل ٹیموں کی جانب سے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی۔
ایک وقت میں پاکستانی اسکواڈ میں شمولیت کے مضبوط امیدوار سمجھے جانے والے مہندر کبھی قومی ٹیم کی نمائندگی نہ کر سکے، اور یہ کوئی حیرت کی بات بھی نہیں کیونکہ 54-1953 میں پاکستان کے پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد سے اب تک صرف دو ہندو کرکٹرز، انیل دلپت اور دانش کنیریا ہی قومی ٹیم کے لیے منتخب ہوسکے ہیں۔
ان کے کرکٹ کیریئر کا سب سے غیر معمولی پہلو یہ ہے کہ مالی مشکلات کی وجہ سے پیدا ہونے والے صحت کے مسائل کے باعث مہندر کی پہلے دائیں اور پھر بائیں ٹانگ کاٹنی پڑی۔ یہ واقعہ 94-1993 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد پیش آیا، لیکن اس معذوری نے بھی انہیں کرکٹ سے دور نہیں ہونے دیا، اور اب وہ مصنوعی ٹانگوں (ٹرانس فیمورل پروسٹیٹک لیگز) کی مدد سے کے پی آئی میں اپنی اکیڈمی چلا رہے ہیں۔
مہندر پرانے دور کے کوچز سے تعلق رکھتے ہیں اور انہیں اس بات پر فخر ہے کہ وہ پاکستان کے فاسٹ بولر محمد سمیع اور دانش کنیریا سمیت کئی معیاری کھلاڑیوں کو تلاش کرنے اور انہیں تراشنے میں کامیاب رہے۔ لیکن ان کی سب سے بڑی مایوسی یہ ہے کہ ٹیلنٹ ہونے کے باوجود ہندو برادری کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاتی کہ وہ کرکٹ کو بطور پیشہ اپنائیں۔
انہوں نے کہا، "میں یہ اکیڈمی چلاتا ہوں اور باصلاحیت نوجوانوں کو کرکٹ اپنانے کی ترغیب دیتا ہوں، لیکن وہ ہچکچاتے ہیں کیونکہ ان کے ذہنوں میں یہ بات بیٹھ گئی ہے کہ ان کے پس منظر کی وجہ سے انہیں منصفانہ مواقع نہیں ملیں گے۔"
مہندر کا کہنا ہے کہ انہوں نے پاکستان کے بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ کرکٹ کھیلی اور کبھی بھی مرعوب ہوئے نہ ہی ان کے ساتھ کوئی برا سلوک ہوا۔ انہوں نے مزید کہا، "نہیں، میں نے کبھی ایسا محسوس نہیں کیا اور میں اپنے نوجوانوں سے یہی کہتا رہتا ہوں کہ یقین رکھیں اور محنت کریں، کوئی بھی حقیقی ٹیلنٹ کو نظر انداز یا سائیڈ لائن نہیں کر سکتا۔"
وہ تسلیم کرتے ہیں کہ وہ نوجوانوں کی اس ذہنیت کو سمجھ سکتے ہیں کیونکہ اقلیتی برادریوں سے بہت کم کھلاڑی پاکستان کے لیے کھیلے ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی، "اس کے پی آئی گراؤنڈ میں کئی باصلاحیت پارسی کرکٹرز کھیلا کرتے تھے جیسے ہومی موبڈ، جو ایک ورسٹائل لیگ اسپنر تھے، لیکن بدقسمتی سے وہ اس دور میں کھیلے جب پاکستان کے پاس انتخاب عالم اور مشتاق محمد موجود تھے۔ کیا آپ تصور کر سکتے ہیں کہ کوئی پارسی کرکٹر پاکستان کے لیے نہیں کھیلا اور ہماری برادری سے صرف انیل اور دانش ہی کھیلے ہیں۔ یہاں تک کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی مشکل سے 4 یا 5 ہندو کھلاڑی ہی کھیلے ہیں۔"
مسیحی برادری کی کارکردگی سب سے بہتر رہی ہے جہاں سے چار کھلاڑی والس میتھائس، ڈنکن شارپ، اینٹاؤ ڈی سوزا اور سہیل فضل قومی ٹیم میں آئے۔ پاکستان کے مایہ ناز بلے باز نے بھی اپنے کیریئر کا آغاز بطور مسیحی کھلاڑی یوسف یوحنا کے نام سے کیا تھا لیکن بعد میں اسلام قبول کر کے اپنا نام محمد یوسف رکھ لیا۔
کے پی آئی گراؤنڈ اس وقت خستہ حالی کا شکار ہے؛ پورے میدان میں جھاڑیاں اگ آئی ہیں اور کونوں میں کچرا پڑا ہے، جو صدر ٹاؤن کے قلب میں واقع اس گراؤنڈ کی تاریخی اہمیت کے بالکل منافی ہے۔ 1893 میں زرتشتی (پارسی) برادری کو کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کا مرکز فراہم کرنے کے لیے قائم کیا گیا یہ گراؤنڈ آج بھی پارسیوں کے ایک ٹرسٹ کے زیر انتظام ہے، اگرچہ اس قیمتی زمین پر قبضہ کرنے کی کئی کوششیں کی جا چکی ہیں۔
یہ وہی گراؤنڈ ہے جہاں مرحوم لٹل ماسٹر حنیف محمد نے جنوری 1959 میں اپنی تاریخی 499 رنز کی اننگز کھیلی تھی، جو اس وقت فرسٹ کلاس کرکٹ میں کسی بھی بلے باز کا سب سے بڑا اسکور تھا۔ حنیف اپنا 500 واں رن لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہو گئے تھے، اور آج بھی مرکزی پتھر کے پویلین کی دیوار پر اس کی یادگاری تختی نصب ہے—یہ پویلین اب بھی اپنے منفرد کلاک ٹاور، برآمدوں اور ساگوان کی لکڑی کے اندرونی کام کے ساتھ کرکٹ گراؤنڈ کا نظارہ پیش کرتا ہے، گو کہ اب یہ خستہ حال ہو چکا ہے۔
مہندر کہتے ہیں کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ کے پی آئی ٹرسٹ نے انہیں معمولی معاوضے پر اپنی اکیڈمی کے لیے گراؤنڈ کا ایک کونا استعمال کرنے کی اجازت دی ہے۔ انہوں نے کہا، "یہ گراؤنڈ کبھی پاکستان کرکٹ کی شان ہوا کرتا تھا جہاں بے شمار فرسٹ کلاس اور یہاں تک کہ غیر ملکی ٹیموں کے ٹور میچز بھی منعقد ہوئے۔ آج میں صرف اس بات کو ہی ایک کارنامہ سمجھتا ہوں کہ یہ اب بھی لینڈ مافیا اور بڑے کمرشل کمپلیکس و بلند و بالا رہائشی عمارتیں بنانے والوں سے محفوظ ہے۔"