چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) پاکستانی کرکٹرز محمد رضوان اور امام الحق کے خلاف اپنی تحقیقات مکمل کر کے آئندہ چند روز میں رپورٹ جمع کرا دے گی۔
جمعرات کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے تصدیق کی کہ این سی سی آئی اے کی انکوائری کے دوران ہی امام الحق اور محمد رضوان کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی گئی تھی۔
انہوں نے کہا، "میری این سی سی آئی اے حکام سے بات ہوئی ہے، انہیں رضوان سے صرف چند مزید وضاحتیں درکار ہیں جس کے بعد وہ چند دنوں میں اپنی تحقیقاتی رپورٹ جمع کرا دیں گے، تاہم میں اس حوالے سے کوئی حتمی تاریخ نہیں دے سکتا۔"
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کے نئے سینٹرل کنٹریکٹس اور نظام کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور اس کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا، "میرے خیال میں انہیں حتمی شکل دی جا چکی ہے یا کل تک حتمی شکل دے کر جاری کر دیا جائے گا۔"
واضح رہے کہ پی سی بی کی جانب سے نئے سینٹرل کنٹریکٹس کے اجرا میں تین ماہ کی تاخیر ہو چکی ہے کیونکہ گزشتہ کنٹریکٹس کی مدت رواں سال 31 جولائی کو ختم ہوگئی تھی۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو درپیش مالی مشکلات سے متعلق سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ سب نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے کہ نئی فرنچائزز اور ملتان کی ٹیم کتنی خطیر رقم میں فروخت ہوئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا، "ان نئی فرنچائزز کے مالکان بخوبی جانتے ہیں کہ وہ ایک یا دو سال میں منافع کی توقع نہیں رکھ سکتے، اور یقیناً انہوں نے پی ایس ایل میں شمولیت سے قبل اپنی فیزیبلٹی رپورٹ تیار کی ہوگی۔" محسن نقوی نے کہا کہ اگر پی ایس ایل کا کوئی بھی نیا یا پرانا مالک قواعد و ضوابط کے تحت منافع لے کر اپنی فرنچائز فرخت کرنا چاہے تو اسے اس کی مکمل اجازت ہے۔
انہوں نے پاکستان کرکٹ کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کرکٹ کے معاملات دیکھنے والی اپنی ٹیم پر پورا اعتماد اور بھروسہ ہے۔ ان کا کہنا تھا، "میں ہر وقت ان کی پشت پناہی کے لیے موجود ہوں اور ہمیں امید ہے کہ جب آئندہ چھ ماہ میں نوجوان کھلاڑیوں کی اگلی کھیپ تیار ہو کر سامنے آئے گی تو بہت بہتر نتائج ملیں گے۔"
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ پی سی بی نے لاہور میں جدید طرز پر تزئین و آرائش کے بعد تیار ہونے والی نیشنل کرکٹ اکیڈمی کو کھولنے کے لیے 31 جنوری کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا، "اب اچھی بات یہ ہے کہ ہمارے پاس جدید دور کی کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق کھلاڑیوں کے لیے تمام جدید ترین مشینری، آلات اور سہولیات موجود ہیں، اور اب ہم گروپس کی شکل میں کھلاڑیوں کے تین اور چھ ماہ کے کیمپ لگا رہے ہیں تاکہ جب انہیں قومی ٹیم کے لیے زیرِ غور لایا جائے تو وہ مکمل طور پر تیار ہوں اور اپنی خامیوں پر قابو پا چکے ہوں۔"