شیری نامی ایکس صارف نے لکھا کہ ’امید ہے پاکستان کو سنہ 2032 سے 2034 کے درمیان کسی آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کا موقع مل جائے گا۔ دنیا کی دوسری بڑی کرکٹ کھیلنے والی قوم مزید بہتری کی مستحق ہے۔‘

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سنہ 2035 تک کے بڑے ایونٹس کی تاریخوں اور میزبان ممالک کا اعلان کر دیا ہے۔
آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق انڈیا ان نو برسوں میں دو بڑے آئی سی سی ایونٹس چیمپیئنز ٹرافی 2029 اور بنگلہ دیش کے ساتھ مل کر سنہ 2031 میں 50 اوور کے ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، ’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
ان نو برسوں میں پاکستان کسی بھی بڑے آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی نہیں کرے گا۔
بڑے ایونٹس کب اور کہاں ہوں گے؟
آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق سنہ 2028 کا ٹی 20 ورلڈ کپ 12 اکتوبر سے 12 نومبر تک آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلا جائے گا، جبکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ 2029 کے فائنل کی میزبانی انگلینڈ ہی کرے گا۔
اس کے علاوہ سنہ 2029 میں انڈیا 9 سے 28 اکتوبر تک چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا، جبکہ سنہ 2030 کا ٹی 20 ورلڈ کپ چار جولائی سے چار اگست تک انگلینڈ، آئرلینڈ اور سکاٹ لینڈ میں کھیلا جائے گا۔
سنہ 2031 کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا فائنل بھی انگلینڈ میں ہی کھیلا جائے گا۔ اس کے علاوہ سنہ 2031 کے 50 اوورز کے ورلڈ کپ کی میزبانی انڈیا اور بنگلہ دیش مل کر کریں گے۔

اس کے علاوہ آئی سی سی نے دیگر ٹورنامنٹس کی تاریخوں کا بھی اعلان کیا ہے، تاہم یہ ایونٹس کہاں کھیلے جائیں گے اس حوالے سے فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔
اس کے علاوہ سنہ 2032 کا ٹی 20 ورلڈ کپ 14 اکتوبر سے 14 نومبر تک، 2033 کی ورلڈ چیمپیئن شپ کا فائنل 9 جون سے 13 جون تک، 2033 کی چیمپیئنز ٹرافی 2 اکتوبر سے 23 اکتوبر تک، 2034 کا ٹی 20 ورلڈ کپ 6 جولائی سے 6 اگست تک، 2035 کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا فائنل 7 جون سے 11 جون تک اور سنہ 2035 کا 50 اوورز کا ورلڈ کپ 2 اکتوبر سے 18 نومبر تک کھیلا جائے گا۔
ان تمام ایونٹس کے میزبانی کرنے والے ممالک کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
سوشل میڈیا پر تبصرے
آئی سی سی کی جانب سے اعلامیے میں پاکستان کا ذکر نہیں، تاہم کرکٹ شائقین کو امید ہے کہ سنہ 2032 سے سنہ 2034 کی کرکٹ سائیکل میں شاید پاکستان کو کسی بڑے ٹورنامنٹ کی میزبانی مل جائے۔
شیری نامی ایکس صارف نے لکھا کہ ’امید ہے پاکستان کو سنہ 2032 سے 2034 کے درمیان کسی آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کا موقع مل جائے گا۔ دنیا کی دوسری بڑی کرکٹ کھیلنے والی قوم مزید بہتری کی مستحق ہے۔‘
ایک اور پاکستانی صارف نے لکھا کہ پاکستان کو متحدہ عرب امارات کے ساتھ مل کر ٹی 20 ورلڈ کپ 2032 کے لیے بولی لگانی چاہیے۔
انھوں نے مزید لکھا کہ ’سنہ 2032 تک پاکستان کراچی، لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، اسلام آباد، حیدرآباد، ملتان اور سیالکوٹ میں میچز کرواسکتا ہے۔‘
آئی سی سی کے اعلان کے بعد انڈیا میں بھی کرکٹ صارفین بات چیت کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
جیران نامی صارف انڈیا کے کپتان روہت شرما کو مخاطب کر کے کہتے ہیں کہ وہ سنہ 2027 کے ورلڈ کپ کے بعد کرکٹ سے ریٹائرمنٹ نہ لیں۔
’میں آپ کو اپنے ملک کے لوگوں کے سامنے ورلڈ کپ کی ٹرافی اُٹھاتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہوں، برائے مہربانی سنہ 2031 تک کھیلیں۔‘
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔