پاکستان آٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ میں ملک بھر میں موٹر سائیکلز اور تھری ویلرز کی مجموعی فروخت میں بالترتیب 28 فیصد اور 9 فیصد کی سالانہ بڑھوتری دیکھی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران مجموعی طور پر 7 لاکھ 46 ہزار 166 موٹر سائیکلز فروخت ہوئیں، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ تعداد 5 لاکھ 84 ہزار 731 تھی۔
ماہانہ بنیادوں پر جائزہ لیں تو اکتوبر 2026 میں موٹر سائیکلز کی فروخت ایک لاکھ 98 ہزار 357 یونٹس رہی، جو گزشتہ سال اکتوبر کے ایک لاکھ 61 ہزار 607 یونٹس کے مقابلے میں 23 فیصد اور ستمبر کے ایک لاکھ 95 ہزار 626 یونٹس کے مقابلے میں ایک فیصد زائد ہے۔
دوسری جانب تھری ویلرز کی فروخت رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ میں 13 ہزار 387 یونٹس تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے 12 ہزار 294 یونٹس کے مقابلے میں 9 فیصد زیادہ ہے۔ تاہم اکتوبر 2026 میں تھری ویلرز کی فروخت میں نمایاں کمی واقع ہوئی اور محض ایک ہزار 551 یونٹس فروخت ہو سکے، جو ستمبر کے 6 ہزار 876 یونٹس کے مقابلے میں 77 فیصد اور گزشتہ سال اکتوبر کے 3 ہزار 876 یونٹس کے مقابلے میں 60 فیصد کم ہیں۔