مالی سال 26ء میں معاشی استحکام برقرار رہا، آئندہ سال جی ڈی پی نمو 3.5 تا 4.5 فیصد رہنے کی توقع: اسٹیٹ بینک

image

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مالی سال 2025-26ء کے لیے پاکستانی معیشت کی کیفیت پر اپنی سالانہ رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق ملکی اور عالمی سطح کے اقتصادی دھچکوں کے باوجود معیشت نے بھرپور لچک کا مظاہرہ کیا اور تمام اہم معاشی اشاریوں میں بہتری ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محتاط زری پالیسی اور معاشی اصلاحات نے سخت محنت سے حاصل کیے گئے معاشی استحکام کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ بڑے پیمانے کی اشیا سازی (ایل ایس ایم) کی پیداوار میں بحالی کی بدولت حقیقی جی ڈی پی کی نمو میں اضافہ ہوا، جبکہ اسٹیٹ بینک کے تخمینے کے مطابق آئندہ مالی سال 27ء میں حقیقی جی ڈی پی کی شرح نمو 3.5 سے 4.5 فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے نتیجے میں درآمدات کا حجم بڑھا جبکہ عالمی منڈی کے ناموافق رجحانات نے برآمدات کو محدود رکھا، تاہم بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کارکنوں کی ترسیلاتِ زر میں مضبوط اضافے کے باعث مالی سال 26ء میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے محض 0.1 فیصد تک محدود رہا۔

اسی طرح مرکزی بینک کی جانب سے زرِ مبادلہ کی بھاری خریداری اور پیشگی واجبات میں کمی کی بدولت ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر میں قابلِ قدر اضافہ ہوا۔ مالی سال 27ء کے دوران جاری کھاتے کا خسارہ جی ڈی پی کے صفر سے 1.0 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے تنازعے کے باوجود مالی سال 26ء کے دوران مہنگائی کی شرح 5.0 سے 7.0 فیصد کے وسط مدتی ہدف کی بالائی حد کے قریب رہی، اور مالی سال 27ء میں اس میں بتدریج کمی آ کر اسی ہدف کی حدود میں رہنے کی توقع ہے۔

زرعی شعبے کے حوالے سے رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ ایل نینو کی ابتر صورتحال زرعی منظرنامے کے لیے خطرہ ضرور ہے، تاہم اس کے باوجود گزشتہ سال کے مقابلے میں گنے، چاول اور مکئی کی پیداوار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US