دبئی میں جاری انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی لیگ (ILT20) کے دوران پاکستانی صحافیوں کو نظر انداز کر کے بھارتی صحافیوں کو انٹرویو دینے پر پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کو شدید ردعمل اور تنقید کا سامنا ہے۔ سوشل میڈیا اور ٹیلی ویژن چینلز پر مداحوں، ماہرین اور سابق کھلاڑیوں کی جانب سے سینیئر بلے باز کے اس رویے پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی شاہد ہاشمی نے بابر اعظم کے اس اقدام پر حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ جن پاکستانی صحافیوں کو انٹرویو دینے سے انکار کیا گیا، وہی گزشتہ چند برسوں سے ان کی حمایت کرتے آ رہے تھے۔
دوسری جانب سابق ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل نے بھی اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بابر کے بھارتی صحافیوں سے بات کرنے پر کوئی اعتراض نہیں، تاہم اپنے ہم وطن صحافیوں کو نظر انداز کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔
کامران اکمل کا مزید کہنا تھا کہ انہیں نہیں معلوم کہ بابر کو یہ مشورہ کس نے دیا ہے، لیکن یہ ایک غلط قدم ہے اور اس طرح کے اقدامات مستقبل میں ان کے لیے مددگار ثابت نہیں ہوں گے۔
واضح رہے کہ بابر اعظم اس لیگ میں 'ڈیزرٹ وائپرز' کی نمائندگی کر رہے ہیں، جو اس ٹورنامنٹ کی واحد فرنچائز ہے جس کی ملکیت بھارتی آئی پی ایل مالکان کے پاس نہیں ہے۔
انہوں نے ایونٹ کے پہلے میچ میں 86 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی تھی تاہم اگلے میچ میں وہ بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ دریں اثنا، بابر اعظم کے ایک قریبی ذریعے نے بتایا ہے کہ ان انٹرویو سیشنز کا اہتمام ان کے ایجنٹ اور لیگ منتظمین کی جانب سے کیا گیا تھا، جس میں صحافیوں کو باقاعدہ ہدایت کی گئی تھی کہ وہ بابر سے ان کی خراب فارم کے حوالے سے کوئی سوال نہ کریں۔