پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار شہروز سبزواری اپنی بیٹی نورے کے ڈانس پر ردعمل دینے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں آگئے۔
حال ہی میں معروف اداکار سلیم شیخ کی بیٹی کی شادی کی تقریب میں شہروز سبزواری کی بیٹی نورے نے ڈانس پرفارمنس دی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں نورے کو خوبصورت چمکدار لباس میں ڈانس کرتے دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ شہروز سبزواری اپنی بیٹی کی پرفارمنس سے محظوظ ہوتے اور اس کی حوصلہ افزائی کرتے نظر آئے۔
شہروز سبزواری نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر بھی بیٹی کے ڈانس کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ’ماشاءاللہ‘ لکھا، جس پر متعدد سوشل میڈیا صارفین نے ناراضی کا اظہار کیا۔
ایک صارف نے سوال کیا کہ کیا اس طرح کی چیزوں پر ماشاءاللہ کہنا بنتا ہے؟ جبکہ ایک اور صارف نے لکھا کہ ناچ گانے پر ماشاءاللہ کب سے بولا جانے لگا؟
ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ وہ ڈانس کررہی ہیں، کوئی خطبہ نہیں دے رہیں جو ماشاءاللہ بولا جارہا ہے۔ بعض صارفین نے استغفراللہ لکھ کر بھی اپنی ناراضی کا اظہار کیا۔
جہاں کچھ صارفین نورے کی پرفارمنس کو پسند کررہے ہیں، وہیں متعدد صارفین شہروز سبزواری کی جانب سے ڈانس کی ویڈیو پر ’ماشاءاللہ‘ لکھنے پر اعتراض کررہے ہیں۔
اس ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا پر مذہبی الفاظ کے استعمال سے متعلق ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔