ٹی 20 ورلڈ کپ شیڈول: کوالیفائنگ مرحلے کا آغاز آج، پاکستان کے میچ کب، کہاں اور کس کے خلاف ہوں گے اور سکواڈ میں کون کون شامل ہے؟

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ساتویں ایڈیشن کا انعقاد 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات اور عمان میں ہو رہا اور اس کے فائنل راؤنڈ میں 12 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ٹورنامنٹ کا شیڈول دیکھنے کے لیے کلک کریں۔
عمان
Getty Images

متحدہ عرب امارات اور عمان میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز آج ہونے جا رہا ہے۔

ایونٹ کے کوالیفائنگ مرحلے کے پہلے روز دو میچ کھیلے جائیں گے۔ افتتاحی میچ میں عمان اور پپوا نیو گنی مدِ مقابل ہوں گے جبکہ شام کو کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں بنگلہ دیش اور سکاٹ لینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

یہ ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارات اور عمان میں کھیلا جا رہا ہے جس کے فائنل راؤنڈ (سپر 12) میں 12 ٹیمیں شریک ہوں گی۔

ٹورنامنٹ کی منفرد بات یہ ہے کہ اس کے آغاز سے قبل ایک کوالیفائنگ مرحلہ ہو رہا ہے جس میں آٹھ ٹیمیں شریک ہیں جن میں سے چار اگلے مرحلے (سپر 12) کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ یہ مرحلہ 22 اکتوبر تک جاری رہے گا۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا ساتواں ایڈیشن سنہ 2020 میں منعقد ہونا تھا تاہم کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث اسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی پانچ برس بعد منعقد ہو رہا ہے اور شائقین کرکٹ اس کا بیتابی سے انتظار کر رہے ہیں۔

پاکستانی ٹیم اس ورلڈ کپ میں بطور فیورٹ تو داخل نہیں ہو رہی لیکن تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے ماضی کے تجربے کے باعث اسے فائدہ ضرور ہو سکتا ہے۔

ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کے 18 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا جا چکا ہے جس میں خصوصی کووڈ پروٹوکولز کے تحت تین ریزرو کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

ابتدائی طور پر جس سکواڈ کا اعلان کیا گیا تھا اس میں نیشنل ٹی 20 ٹورنامنٹ کے بعد چار تبدیلیاں کی گئی ہیں اور جہاں سرفراز احمد، شعیب ملک اور حیدر علی پہلی مرتبہ سکواڈ کا حصہ بنے ہیں وہیں فخر زمان کو ریزرو کھلاڑی سے مرکزی سکواڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے چار ایڈیشنز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے دو ایڈیشنز میں فائنل اور اگلے دو میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ تاہم سنہ 2014 اور 2016 کے ورلڈ کپ میں پاکستان سیمی فائنل مرحلے تک پہنچنے میں ناکام رہا تھا۔

کوالیفائنگ مرحلہ

ٹورنامنٹ کی منفرد بات یہ ہے کہ اس کے آغاز سے قبل ایک کوالیفائنگ مرحلہ بھی ہو گا جس میں آٹھ ٹیمیں شریک ہوں گی جن میں سری لنکا اور بنگلہ دیش بھی شامل ہیں اور ان میں سے چار اگلے مرحلے (سپر 12) کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

سپر 12 مرحلے کے بعد سیمی فائنل مرحلے کا آغاز ہو گا جس کے بعد 14 نومبر کو ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلا جائے گا۔

پاکستان کے گروپ میں کوالیفائنگ مرحلے کے گروپ اے میں دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم اور گروپ بی میں سرِفہرست رہنے والی ٹیم بھی شامل ہو گی۔

اس ورلڈ کپ میں پاکستان کے میچ کن ٹیموں کے ساتھ ہوں گے، ان میچوں کے اوقات کیا ہوں گا، یہ کہاں کھیلے جائیں گے اور پاکستان کے سکواڈ میں کون سے کھلاڑی شامل ہیں اس حوالے سے تفصیل درج ذیل ہے۔

شاداب
Getty Images

پاکستان بمقابلہ انڈیا

پاکستان اور انڈیا اتوار 24 اکتوبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے مدِمقابل ہوں گے۔

ون ڈے ورلڈکپ کی طرح پاکستان نے انڈیا کو اب تک ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی شکست نہیں دی۔ دونوں روایتی حریفوں کے درمیان ورلڈ کپ مقابلوں میں چار میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں تمام ہی انڈیا کے نام ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے انڈیا کو دھونی کی ضرورت کیوں پڑی

’شعیب ملک کا تجربہ قومی سکواڈ کے لیے کارگر ثابت ہو گا‘

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ: سرفراز آئے تھے تو قسمت بدلی تھی، اب وہی تنزلی کی داستان ہے

پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں منگل 26 اکتوبر کو شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے مدِ مقابل ہوں گی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں پانچ مرتبہ آمنے سامنے آئی ہیں جن میں سے تین میں پاکستان جبکہ دو میں نیوزی لینڈ کو فتح حاصل ہوئی ہے۔

افغانستان
Getty Images

پاکستان بمقابلہ افغانستان

پاکستان اور افغانستان جمعہ 29 اکتوبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے مدِ مقابل ہوں گے۔

دونوں ٹیمیں اب تک ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ مقابلوں میں آمنے سامنے نہیں آئی ہیں جبکہ اس کے علاوہ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک صرف ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا گیا ہے جس میں پاکستان کو فتح حاصل ہوئی ہے۔

پاکستان بمقابلہ (کوالیفائنگ گروپ اے میں دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم)

اس میچ میں پاکستان کا مقابلہ کس ٹیم سے ہو گا اس کا فیصلہ ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے اختتام پر ہو گا۔

یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

مزید پڑھیے

مائیکل ہسی کے وہ چھکے جن کے بعد غیر تو غیر گھر والے بھی سعید اجمل کے لیے بدل گئے

سخت گیر کپتان، ٹیم میں اختلافات اور ایک ناقابل یقین فتح

ʹلوگ کہتے ہیں ہروا دیا کوئی یہ نہیں کہتا میچ آخری اوور تک میں ہی لایا تھاʹ

پاکستان بمقابلہ (کوالیفائنگ گروپ بی میں سرِفہرست آنے والی ٹیم)

یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

اس میچ میں پاکستان کا مقابلہ کس ٹیم سے ہو گا اس کا فیصلہ ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے اختتام پر ہو گا۔

پاکستان کا سکواڈ

پاکستان کے سکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، محمد رضوان (وکٹ کیپر)،فخر زمان، محمد وسیم جونیئر، شعیب ملک، محمد حفیظ، محمد نواز، عماد وسیم، حسن علی، سرفراز احمد، حیدر علی، آصف علی، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف،عثمان قادر (ریزرو)، خوشدل شاہ (ریزرو) اور شاہنواز دھانی (ریزرو) شامل ہیں۔


News Source   News Source Text

WATCH LIVE NEWS

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.