بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن کی ٹی20 میں بطور کپتان واپسی

image
بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن کو بنگلہ دیش کی ٹی 20 ٹیم میں بطور کپتان واپس لایا گیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شکیب الحسن کی نامزدگی سنیچر کو ان کے آن لائن جوئے کی ایک سائٹ سے معاہدہ ختم کرنے کے بعد ممکن ہوئی۔

شکیب الحسن کو متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ایشیا کپ اور آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کی قیادت کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کرکٹ آپریشنز کے سربراہ جلال یونس نے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ ’شکیب کو اپنی غلطی کا احساس ہوا ہے۔ وہ ہمارے لیے بہت اہم کھلاڑی ہیں۔‘

واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں شکیب الحسن نے بیٹ وِنر نیوز کے ساتھ شراکت کا اعلان کیا تھا جو کہ کوراکاؤ میں واقع ایک جوئے کی فرم کے ذریعے چلایا جانے والا پورٹل ہے۔

انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پیجز پر لکھا تھا کہ ’یہ کھیلوں کی خبروں کا واحد ذریعہ ہے۔‘

بنگلہ دیش میں جوا کھیلنا غیر قانونی ہے اور بی سی بی کے صدر نظم الحسن کی جانب سے انہیں قومی ٹیم اور بیٹ وِنر میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کا الٹی میٹم دیا گیا تھا جس کے بعد وہ معاہدہ منسوخ کرنے پر مجبور ہوئے۔

بی سی بی کی جانب سے شکیب الحسن کو قومی ٹیم اور بیٹ وِنر میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کا الٹی میٹم دیا گیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

شکیب الحسن کی کپتانی میں ہونے والے 21  ٹی20 میچوں میں سے سات میں بنگلہ دیش کو فتح جبکہ 14 میچوں میں شکست ہوئی تھی۔ بعدازاں ان پر دو برس کی پابندی عائد کر دی گئی تھی۔

شکیب الحسن کی جولائی میں ٹیسٹ کپتان کے طور پر واپسی  ہوئی تھی۔ انہیں وکٹ کیپر بیٹر نور الحسن کی جگہ بنگلہ دیش کا ٹی20 کپتان مقرر کیا گیا ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.