پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ مسترد، عمران خان کو حقائق سے آگاہ کروں گا: شیر افضل مروت

image

ایک روز قبل ڈسپلن کی خلاف ورزی پر پارٹی سے نکالے گئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل خان مروت نے اپنے خلاف پارٹی کے فیصلے پر ردعمل دیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب ’سائٹ ایکس‘ پر بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے انضباطی کمیٹی کی جانب سے پارٹی کی بنیادی رکنیت منسوخ کرنے کے فیصلے پر سوالات اٹھائے ہیں۔

شیر افضل مروت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’ تقریباً دو درجن کور کمیٹی ممبران سمیت پارٹی کے سینیئر رہنماؤں سے بات چیت کے بعد میں یہ اعلان کرتا ہوں کہ پارٹی سے اخراج کے حکم نامے پر نہ تو بحث ہوئی اور نہ ہی کور کمیٹی کے نوٹس میں لایا گیا۔‘

ان کے مطابق ’نہ ہی یہ معاملہ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کے علم میں تھا جنہوں نے اجلاس کی صدارت کی۔ متنازع حکم نامے کو اس قدر مشکوک اور عجلت میں کیوں جاری کیا گیا؟ دھوکہ دہی سے اسے کور کمیٹی کی کارروائی کا حصہ بنا کر ایک غیر مجاز شخص کی طرف سے دکھانا صرف وہی جانتے ہیں جو اس کے معمار ہیں۔‘

قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دینے سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’آج میں نے بیرسٹر گوہر سے تمام معاملات پر تبادلہ خیال کیا اور چیئرمین بیرسٹر گوہر کو تحریری طور پر اپنی پارٹی اور پارلیمنٹ کی رکنیت کا فیصلہ کرنے کا مکمل اختیار دے دیا ہے اور مجھے ان پر مکمل اعتماد ہے۔‘

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں اپنے حلقے کے عوام کا گرینڈ جرگہ بھی بلاؤں گا تاکہ ان کی رضامندی حاصل کی جا سکے کیونکہ میرے ووٹروں کی مرضی اور رضامندی میرے لیے سب سے اہم ہوگی۔‘

شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ ’مجھے فردوس شمیم ​​نقوی کی جانب سے نوٹیفکیشن میں استعمال کی گئی زبان پر بھی افسوس ہے جنہوں نے طنزیہ زبان استعمال کرنے کے علاوہ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کی منظوری کے بغیر پارلیمنٹ سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ میں اس بات کی بھی تصدیق کرتا ہوں کہ مجھے نہ تو کسی نے سننے کا موقع دیا اور نہ ہی کبھی کوئی پوچھ گچھ کی گئی۔ ماضی میں بھی غلط وجوہات کی بنا پر جعلی نوٹیفکیشن جاری کیے گئے۔‘

پارٹی نوٹیفکیشن کو مسترد کوتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ ’مذکورہ بالا حقائق کی بنیاد پر، میں برخاستگی کے اس نوٹیفکیشن کو جعلی اور حقائق اور طریقہ کار کے خلاف قرار دیتے ہوئے مسترد کرتا ہوں۔ میں جلد عمران خان سے ملاقات کروں گا اور حقائق عوام کے سامنے لاؤں گا۔‘

یاد رہے کہ جمعے کو پی ٹی آئی کی انضباطی کمیٹی نے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کی بنیادی رکنیت منسوخ کرتے ہوئے انہیں پارٹی سے نکال دیا تھا۔

فردوس شمیم نقوی کی جانب سے جمعے کی شب دیر گئے جاری کردہ اعلان کے مطابق پارٹی کے نظم کی کھلی خلاف ورزی کی بنیاد پر شیر افضل مروت کی بنیادی رکنیت منسوخ کردی گئی ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.