جاپان: ایئرپورٹ کے رن وے میں دبا دوسری عالمی جنگ کا امریکی بم پھٹ گیا

image

جاپان کے شہر ٹوکیو کے ایئرپورٹ پر دوسری عالمی جنگ کا دبا ہوا امریکی بم پھٹنے سے رن وے پر بڑا گڑھا پڑ گیا جس کے بعد 80 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق بدھ کے روز مغربی جاپان میں واقع میازاکی ایئرپورٹ پر جب دھماکہ ہوا اس وقت قریب کوئی طیارہ موجود نہیں تھا، تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ 

جاپان کی سیلف ڈیفنس فورسز اور پولیس کی تحقیقات میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ دھماکہ 500 پاؤنڈ کے امریکی بم کی وجہ سے ہوا، جبکہ دھماکے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

ایئرپورٹ کے قریب واقع ایوی ایشن سکول کی طرف سے ریکارڈ کی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا گیا کہ دھماکے کے بعد اسفالٹ کے ٹکڑے ہوا میں اڑ رہے تھے۔ 

جاپان کے ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی ویڈیوز میں ٹیکسی وے میں مبینہ طور پر تقریباً 7 میٹر چوڑا اور 3 فٹ گہرا گڑھا دکھایا گیا ہے۔

فوٹو: اے پی 

کابینہ کے چیف سکریٹری یوشیماسا حیاشی کے مطابق بدھ کی دوپہر تک ایئرپورٹ پر 80 سے زیادہ پروازیں منسوخ کی گئیں۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق ٹیکسی وے کے نقصان کو راتوں رات ٹھیک کر دیا گیا اور جمعرات کی صبح پروازیں دوبارہ شروع ہو چکی ہیں۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق میازاکی ہوائی اڈے کو 1943 میں ایک سابق امپیریل جاپانی بحریہ کی پرواز کے تربیتی رن وے کے طور پر بنایا گیا تھا جہاں سے کچھ پائلٹس نے خودکش حملوں کے مشن پر اڑان بھری تھی۔

جاپان کی وزارت دفاع کے حکام نے بتایا ہے کہ اس علاقے میں دوسری عالمی جنگ کے دوران امریکی فوج کی طرف سے گرائے گئے متعدد نہ پھٹ سکنے والے بموں کا پتہ چلا ہے۔

دوسری عالمی جنگ میں استعمال ہونے والے سینکڑوں ٹن کے ایسے بم جو پھٹ نہیں پائے تھے جاپان کے ارد گرد دفن ہیں اور بعض اوقات تعمیراتی مقامات پر کھدائی کے دوران ملتے ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.