’کہیں احتجاج نہیں‘، اسلام آباد اور راولپنڈی میں اس وقت کیا صورتحال ہے؟

image

اسلام آباد اور راولپنڈی میں تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر بند کیے گئے راستوں سے اب رُکاوٹیں ہٹائی جا رہی ہیں جبکہ جڑواں شہروں میں موبائل فون سروس بھی بحال ہو گئی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق ریڈزون کے علاوہ اسلام آباد کے بیشتر مقامات سے کنٹینرز ہٹا دیے گئے ہیں اور ریڈ زون کے علاوہ دیگر اہم مقامات کو آج شام تک ٹریفک کے لیے بحال کر دیا جائے گا۔

اس حوالے سے اسلام آباد پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے اُردو نیوز کو بتایا کہ ’آج اتوار کی شام تک صورتحال معمول پر لانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’اس وقت اسلام آباد میں کسی مقام پر بھی احتجاج نہیں ہو رہا۔ اگر سیاسی جماعت کے کارکنان کہیں چُھپے ہوئے بھی ہیں تو اُن کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔‘

اسلام آباد پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے حکام نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس ریینجرز اور پاک فوجی کی مدد سے سیاسی جماعت کے کارکنان کو منتشر کرنے میں کامیاب ہوئی ہے جبکہ پی ٹی آئی کے 600 کے قریب کارکنان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

اتوار کے روز قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ڈی چوک اور اطراف کے علاقوں کا مکمل کنٹرول سنبھال لیا جہاں گزشتہ روز پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان میں شدید تصادم دیکھنے میں آیا تھا۔

اس وقت ڈی چوک پر اسلام آباد پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے دستے تعینات ہیں۔ ڈی چوک کے اطراف موجود پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کو منتشر کردیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کے مطابق اسلام آباد کے مختلف مقامات سے پاکستان تحریک انصاف کے 564 کارکنان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

انہوں گزشتہ رات ڈی چوک کے مقام ہر میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ ’سیاسی جماعت کے کارکنان پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تصادم چاہتے تھے جنہیں قانون کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔‘

پی ٹی آئی احتجاج کے سبب گزشتہ تین روز سے بند کیے گئے اسلام آباد کے بیشتر مقامات سے کنٹینرز ہٹا دیے گئے ہیں۔ راولپنڈی سے اسلام آباد آنے کے لیے اسلام آباد ایکسپریس وے کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے جبکہ فیض آباد انٹرچینج پر تاحال کنٹینرز موجود ہیں۔

اس کے علاہ بارہ کہو مری روڈ اور بنی گالہ سے اسلام آباد آںے والے راستے بھی ٹریفک کے لیے کُھلے ہیں۔ بری امام، ترامڑی اور مارگلہ ٹاون سے بھی اسلام آباد آنے والے راستوں کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی  کے مطابق اندرون شہر تمام راستے بھی ٹریفک کے لیے بحال کیے جا رہے ہیں (فوٹو: اُردو نیوز)

دوسری جانب اسلام آباد پشاور( ایم ٹو) موٹروے پر بھی ٹریفک کے لیے بحال ہے جبکہ اسلام آباد تا لاہور ایم ون موٹروے بھی ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔ کٹی پہاڑی برہان کے مقام پر بھی رکاوٹیں ختم کرکے راستے بحال کردیے گئے ہیں۔

راولپنڈی کے بیشتر مقامات سے کنٹینرز ہٹا دیے گئے، ٹریفک بحال

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق اندرون شہربھی تمام رکاوٹیں اور کنٹینرز ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے۔ مری روڈ اور اطراف کے راستے ٹریفک کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔

مریڑ چوک، کمیٹی چوک، وارث خان روڈ سے بھی کنٹینرز ہٹا دیے گئے ہیں۔ ڈی سی راولپنڈی کے مطابق دیگر تمام راستے بھی ٹریفک کے لیے بحال کیے جا رہے ہیں۔

وزارت داخلہ کی ہدایت پر گزشہ تین روز سے اسلام آباد اور راولپنڈی میں بند کی گئی موبائل فون سروس بھی بحال کر دی گئی ہے۔ اتوار کے روز دوپہر 11 بجے قریب اندورن شہر اور نواحی علاقوں میں موبائل فون سگنل بحال ہونا شروع ہوئے۔

وزارت داخلہ کے مطابق موبائل فون سروس سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر بند کی گئی تھی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.