ممبئی میں ایک سڑک کنارے برگر بیچنے والا عام نظر آنے والا ٹھیلے والا لوگوں کو حیران کر رہا ہے، کیونکہ اس کی کمائی کسی بڑی جاب کرنے والے فرد سے کہیں زیادہ ہے! یہ شخص، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، سالانہ 24 لاکھ بھارتی روپے کماتا ہے، یعنی ماہانہ تقریباً 2.80 لاکھ روپے۔
اسٹریٹ وینڈر نہ صرف ماہانہ 80 ہزار روپے خرچ کرتا ہے، بلکہ دو لاکھ روپے بچا بھی لیتا ہے۔ یہ ویڈیو اتنی مشہور ہوئی کہ اب تک ایک کروڑ سے زائد افراد اسے دیکھ چکے ہیں، اور لوگوں کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ پیسہ کمانے کے لیے کسی بڑی کمپنی میں کام کرنا ہی ضروری نہیں۔
ممبئی میں وڑا پاؤ، جو ایک مقبول ترین اسٹریٹ فوڈ ہے، بیچنے والے اس ٹھیلے والے نے ویڈیو میں بتایا کہ صبح سے لے کر شام تک وہ 622 برگر فروخت کر چکا تھا، اور ہر برگر کی قیمت صرف 15 روپے تھی۔ اس حساب سے اس کی روزانہ کی کمائی تقریباً 9300 روپے بنتی ہے، جو ماہانہ 2.80 لاکھ سے بھی زیادہ ہو جاتی ہے۔
ویڈیو دیکھنے کے بعد ایک صارف نے کمنٹ کرتے ہوئے لکھا، "مجھے سمجھ نہیں آ رہا کہ میں اپنی زندگی کے ساتھ کیا کر رہا ہوں"، جبکہ ایک اور صارف نے کہا، "اب وقت آگیا ہے کہ میں بھی اپنا فوڈ کارٹ شروع کر دوں۔"
یہ حیران کن کہانی ثابت کرتی ہے کہ کامیابی اور اچھی کمائی کا تعلق محض بڑی ملازمت سے نہیں، بلکہ محنت، لگن اور ایک اچھے کاروبار سے ہے۔