دنیا کے معروف ترین فٹبالروں میں شمار ہونے والے پرتگال کے فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے اور لکھا ہے کہ انھیں اس میں نظر آنے والے ان کے مداح کی تلاش ہے اور جو کوئی بھی ان کے بارے میں خبر دے گا وہ اس کے مشکور ہوں گے۔
دنیا کے معروف ترین فٹبالروں میں شمار ہونے والے پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ انھیں اس میں نظر آنے والے اپنے مداح کی تلاش ہے اور جو کوئی بھی ان کے بارے میں خبر دے گا وہ اس کے مشکور ہوں گے۔
بچپن میں اسی طرح کا ایک واقعہ سنا تھا کہ جب پاکستان کے مایہ ناز آل راؤنڈر عمران خان کو سنہ 1983 میں انڈیا کے خلاف سیریز میں 40 وکٹیں لینے کے بعد اپنے کریئر کے عروج پر پاؤں میں تکلیف ہوئی تو کہا گیا کہ انھیں کسی پرستار کی بددعا لگی ہے اور پھر انڈیا پاکستان کے اخباروں میں یہ اپیل کی گئی کہ جس کا بھی دل دکھا ہے وہ عمران خان کو معاف کرے تاکہ وہ پھر سے کھیل سکیں۔
اس کے بعد جب عمران خان نے واپسی کی تو انھوں نے گیند کے بجائے بلے سے زیادہ کمال دکھایا۔
بہر حال کرسٹیانو رونالڈو کے بارے میں ایسا کوئی معاملہ نہیں ہے۔ انھوں نے جو ویڈیو شیئر کی ہے اس میں ایک معمر شخص اپنے موبائل فون سے ویڈیو بناتا نظر آ رہا ہے اور پورے سٹیڈیم میں رونالڈو رونالڈو کی صدا گونج رہی ہے۔۔۔ وہ شخص فرط جذبات سے اس قدر مغلوب ہوتا ہے کہ رونے لگتا ہے اور وہ بھی رونالڈو رونالڈو کے نعرے لگانے لگتا ہے۔
قطر میں سنہ 2022 میں ہونے والے ورلڈ کپ میں ایسے کئی لوگوں سے ملاقات ہوئی جو صرف رونالڈو کا میچ دیکھنے کے لیے دنیا کے مختلف ممالک سے ہزاروں میل کا سفر طے کر کے آئے تھے اور جب سکرین پر رونالڈو نظر آتے تو وہ بھی رونالڈو رونالڈو کے نعرے لگاتے۔
ویڈیو میں نظر آنے والا شخص بظاہر 50 کی دہائی میں یا اس سے زیادہ عمر کا نظر آ رہا ہے۔ انھوں نے رونالڈو کے نمبر سات والی پیلے رنگ کی جرسی پہن رکھی ہے اور ان کی عینک گلے میں لٹک رہی ہے۔
https://twitter.com/Cristiano/status/1849833769445790200
یہ کب کی ویڈیو ہے اور کس سٹیڈیم میں بنائی گئی، اس کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔ لیکن زرد رنگ کی جرسی سعودی عرب کے النصر فٹ بال کلب کی جرسی لگتی ہے اور کلپ میں نظر آنے والے شخص عربی زبان میں کچھ بولتے نظر آرہے ہیں جسے سٹیڈیم کی رونالڈو رونالڈو گونج میں سمجھ پانا مشکل ہے۔
رونالڈو دنیا کے کسی بھی شعبۂ حیات سے تعلق رکھنے والے اب تک کے سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے شخص ہیں۔ سوشل میڈیا پر ان کے فالوورز کی تعداد تقریباً ایک بلین یعنی ایک ارب بتائی گئی ہے۔
ان کے بعد امریکی گلوکارہ اور اداکارہ سیلینا گومیز آتی ہیں جن کے فالوورز کی تعداد 690 ملین ہے یعنی پورے 300 ملین کم اور وہ بھی اس صورت میں جبکہ رونالڈو ٹک ٹاک جیسے پلیٹ فارم پر موجود نہیں۔
صرف انسٹاگرام پر ہی رونالڈو کے 64 کروڑ سے زیادہ فالوورز ہیں جبکہ فیس بک پر ان کے 17 کروڑ فالووز ہیں۔ اسی طرح یوٹیوب اور ایکس پر ان کے فالوورز کی تعداد کروڑوں میں ہے۔
کرسٹیانو رونالڈو کو ان کے مداح عام طور پر گریٹ آف آل ٹائم (گوٹ) مانتے ہیں لیکن ارجنٹائن کے فٹبالر لیونل میسی کے مداح میسی کو ان سے عمدہ کھلاڑی مانتے ہیں۔
رونالڈو نے جو ویڈیو کلپ شیئر کی ہے اسے ان کے اکاؤنٹ پر ہی تا دم تحریر ساڑھے 87 ملین لوگوں نے دیکھ لیا تھا جبکہ ان کے ٹویٹ کو 69 ہزار بار ری ٹویٹ کیا جا چکا ہے۔
فٹبالر کے مداح یہ امید ظاہر کر رہے ہیں وہ سب مل کر ان کے اس مداح کو تلاش کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے جبکہ کچھ یہ دعوی کر رہے ہیں کہ ’یہ تو میں ہوں بھائی، میں آپ کو براہ راست کھیلتا دیکھ کر بے انتہا خوش ہوا تھا۔ میرے آئی فون میں اس کے شواہد ہیں۔‘
’یہ میرا جڑواں بھائی ہے، اس کے بدلے مجھ سے ہی مل لیں‘
سعودی عرب فٹبال کلب اور رونالڈو کے بارے میں تازہ ترین معلومات فراہم کرنے کا دعوی کرنے والے ایکس ہینڈل النصر زون نے لکھا: 'امید کہ ہم انھیں ڈھونڈ لیں گے۔' اس ہینڈل کے 51 ہزار فالوورز ہیں۔
ننگوا برنا بوائے نامی صارف نے لکھا کہ 'آپ اس کی زندگی بدل دیں گے۔ خدا آپ بکو نوازے عظیم کھلاڑی۔ میں آپ سے محبت کرتا ہوں۔'
شیخ حماد نامی ایک صارف نے لکھا: 'آپ آج تک کے سب سے منکسر المزاج اور مہربان ایتھلیٹ ہیں۔'
ڈینیل ریگھا نامی ایک صارف نے لکھا کہ اس پوسٹ کو دوسرے پلیٹفارمز پر بھی شیئر کیا جانا چاہیے تاکہ اس شخص کی جلد از جلد تلاش ممکن ہو سکے۔
جبکہ ایک صارف نے لکھا کہ 'یہ میرا جڑواں بھائی ہے۔ اس کے بدلے مجھ سے ہی مل لیں۔'
بہت سے لوگ اس پوسٹ سے محظوظ ہوتے بھی نظر آ رہے ہیں۔ ایک شخص نے انھیں ہوم لینڈر سے مشابہ قرار دیا تو ایک دوسرے شخص نے لکھا کہ 'وہ میرے چچا ایجوبو اوڈ ہیں ہیں۔ وہ بہت پہلے سعودی عرب چلے گئے تھے۔ ہم لوگ بھی بہت دنوں سے ان کی تلاش میں تھے۔ ہمارا خاندان آپ کا شکرگزار ہے۔'
لالیگا فراڈز نامی ایک صارف نے لکھا کہ 'میں تصدیق کرتا ہوں کہ وہ میرے والد ہیں۔'
پریتی نامی ایک صارف نے لکھا: 'یہی وجہ ہے کہ آپ عظیم کھلاڑی ہیں کیونکہ آپ اپنے مداحوں کے ساتھ اس قدر محبت کرتے ہیں۔'
کرسیٹیانو رونالڈو اپنے مداحوں کے درمیان اچانک پہنچنے کے لیے بھی جانے جاتے ہیں۔ ان کے مداح ان سے ملنے کا بس بہانہ تلاش کرتے ہیں۔
بہت سے لوگوں نے یہ بھی پوسٹ کیا ہے کہ انھوں نے کس طرح سکیورٹی سے اپنے مداح کو بچایا۔
سپورٹس کیڑا نامی ویٹ سائٹ کا دعویٰ ہے کہ یہ ویڈیو اے ایف سی چیمپیئن شپ لیگ کے ایک میچ کی ہے جس میں کرسٹیانو رونالڈو سعودی عرب کی ٹیم النصر کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ یہ ٹیم اب تک اس لیگ میں ناقابل شکست رہی ہے۔
39 سالہ کرسٹیانو رونالڈو النصر کی قیادت کے ساتھ پرتگال کی قومی ٹیم کی بھی قیادت کرتے ہیں۔ انھوں نے پانچ بار بیلن ڈی آر ایوارڈز، ریکارڈ تین بار یو ای ایف اے مینز پلیئر آف دی ایئر ایوارڈز، چار بار یورپی گولڈن شوز، اور فیفا کی جانب سے پانچ مرتبہ دنیا کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا ہے۔