پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کے صارفین کے لیے خوشخبری! پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے، اور یکم نومبر 2024ء سے قیمتوں میں 5 روپے تک کی کمی متوقع ہے۔
ہم نیوز کی رپورٹ کے مطابق، ڈیزل کی قیمت میں ممکنہ طور پر 5 روپے اور پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے کی کمی ہو سکتی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث پاکستان میں بھی یہ تبدیلی سامنے آ رہی ہے۔ اکتوبر کے آخری ہفتے میں یورپی برینٹ کروڈ آئل کی قیمت میں 10 ڈالر فی بیرل کمی دیکھی گئی، جس کے بعد 7 اکتوبر کو 81 ڈالر فی بیرل سے گر کر 71.12 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
پاکستان میں استعمال ہونے والے اوپیک باسکٹ کروڈ کی قیمت بھی اکتوبر کے وسط میں 78 ڈالر فی بیرل تھی، جو حالیہ ہفتے میں 71.5 ڈالر فی بیرل تک نیچے آگئی ہے۔ اس تبدیلی کی بنا پر پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کی توقع ہے، اور اس تجویز کو حتمی منظوری وزیراعظم سے ملے گی۔