ڈھاکہ: شیخ حسینہ کے احکامات پر حامیوں کا احتجاج، ٹرمپ کے پلےکارڈز اٹھائے مظاہرین گرفتار

image

بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کے احکامات پر امریکی نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ڈھاکہ میں مظاہرہ کرنے والے حامیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پولیس نے دس مظاہرین کو گرفتار کیا تھا اور انہیں ’سازشی‘ قرار دیتے ہوئے ان پر ملک کو غیرمستحکم کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

ڈھاکہ میٹروپولیٹن پولیس کے ترجمان محمد طالب الرحمان کا کہنا ہے کہ مظاہرین کے خلاف مقدمات درج کرنے کی غرض سے ان پر لگائے گئے الزامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

اتوار کو عوامی لیگ کی کال پر شیخ حسینہ کے چند حامی ہی مظاہرے میں شریک ہوئے جبکہ اس دوران طلبا مظاہرین کے ساتھ تصادم بھی ہوا۔

شیخ حسینہ کی سیاسی جماعت عوامی لیگ بھی ریلی نکالنے کا کہا تھا تاہم اس سے پہلے ہی سابق وزیراعظم کے چند حامی اتوار کو ڈونلڈ ٹرمپ کی مخالفت میں سڑکوں پر نکل آئے۔

خیال رہے کہ کئی ہفتے جاری رہنے والے حکومت مخالف مظاہروں کے نتیجے میں 5 اگست کو شیخ حسینہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے انڈیا فرار ہو گئی تھیں جس کے بعد نوبل امن انعام جیتنے والے محمد یونس کی قیادت میں نگراں حکومت قائم کی گئی جس پر جمہوری اصلاحات اور عام انتخابات کروانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد ان کے متعدد حامیوں کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ پارٹی کے وفادار رکن روپوش ہو گئے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شیخ حسینہ کی آڈیو ریکارڈنگ سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں انہوں نے اپنے حامیوں سے ڈونلڈ ٹرمپ کی فوٹو اور امریکی جھنڈے کے ساتھ اتوار کے روز احتجاج کرنے کا کہا تھا۔

پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ ’انہوں (شیخ حسینہ) نے پلے کارڈز کو بطور ڈھال استعمال کرنے کا کہا اور حملے کی صورت میں تصاویر لینے اور ویڈیو بنانے کا کہا۔‘

پولیس کا کہنا ہے کہ ’وہ امریکہ کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کے لیے سازش کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔‘

پولیس کا کہنا ہے کہ عوامی لیگ نے ریلی منعقد کرنے کی اجازت نہیں لی تھی جبکہ قائم مقام وزیراعظم محمد یونس کے پریس سیکریٹری کا کہنا ہے کہ جماعت کو ریلی نکالنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔

پریس سیکریٹری شفیق عالم نے جاری بیان میں لکھا ’عوامی لیگ اپنی موجودہ شکل میں ایک فاشسٹ جماعت ہے۔ جو کوئی بھی اجتماعی قاتل اور آمر شیخ حسینہ کے حکم کے تحت جلسے، اجتماعات یا جلوس نکالنے کی کوشش کرے گا اسے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پوری طاقت کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘

عوامی لیگ بغیر کسی ثبوت کے صدر جو بائیڈن کی حکومت پر شیخ حسینہ کے خلاف مظاہروں کی حوصلہ افزائی کرنے کا الزام عائد کرتی آئی ہے۔

شیخ حسینہ کا 15 سالہ دور حکومت ایسے متعدد واقعات سے داغ دار ہے جب اپوزیشن جماعتوں کو اپنا جمہوری حق استعمال کرنے سے روکا گیا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.