عمران خان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کے ریفرنس کا فیصلہ ایک مرتبہ پھر موخر

image
سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ مسلسل چوتھی بار ملتوی کر دیا گیا ہے۔

پیر کے روز توقع کی جارہی تھی کہ اس اہم مقدمے کا فیصلہ بالآخر سنا دیا جائے گا، تاہم عدالت نے اس کو ایک مرتبہ پھر ملتوی کرتے ہوئے اس کو 17 جنوری تک موخر کر دیا۔

جج ناصر جاوید رانا نے کہا کہ وہ صبح ساڑھے آٹھ بجے اڈیالہ جیل پہنچے، تاہم مجرمان کمرہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ دستخط شدہ فیصلہ تیار ہے۔ اب فیصلہ 17 جنوری کو سنایا جائے گا۔

قبل ازیں عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے کہا تھا کہ مقدمے کا فیصلہ چھ جنوری 2025 کو سنایا جائے گا۔ تاہم گذشتہ سماعت پر جج کی رخصت کے باعث فیصلہ نہیں سنایا گیا تھا۔

190 ملین پاؤنڈز ریفرنس پر احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے فیصلہ 18 دسمبر 2024 کو محفوظ کیا تھا، جس کے بعد فیصلہ سنانے کے لیے پہلے 23 دسمبر اور اس کے بعد چھ جنوری کی تاریخ مقرر کی تھی اور پھر تیسری بار 13 جنوری کی تاریخ دی گئی۔

تاہم پیر بروز 13 جنوری کو فیصلہ سنانے کے لیے ایک مرتبہ پھر نئی تاریخ دے دی گئی اور بتایا گیا کہ اب اس کا اعلان 17 جنوری کو کیا جائے گا۔

پیر کے روز فیصلہ سننے کے لیے نہ تو عمران خان کی اہلیہ آئیں نہ ان کا کوئی وکیل اور نہ ہی کوئی اور نمائندہ۔

واضح رہے کہ 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کا ٹرائل ایک سال میں مکمل ہوا اور نیب نے ٹرائل کے دوران 35 گواہان کے بیانات ریکارڈ کرائے، بانی پی ٹی آئی کے وکلا نے گواہان پر جرح کی۔

’فیصلے میں تاخیر جج صاحب نے اپنی مرضی سے کی، یہ کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں‘

پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے وکیل خالد یوسف چوہدری نے کہا تھا کہ عدالتی عملے نے آج فیصلہ سنائے جانے سے متعلق آگاہ کر دیا۔ اس کے علاوہ عدالتی عملے کی جانب سے نیب پراسیکیوشن ٹیم کو بھی آگاہ کر دیا گیا تھا۔

فیصلے کی نئی تاریخ کے اعلان کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ فیصلہ سننے کے لیے اڈیالہ جیل میں بیٹھے تھے جب بتایا گیا کہ اب یہ 17 جنوری کو سنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ’اس فیصلے میں تاخیر جج صاحب نے اپنی مرضی سے کی ہے اور یہ کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں۔ آج ہم تیار ہو کر آئے تھے کہ آج فیصلہ سنایا جائے گا۔‘

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں بیٹھے تھے جب بتایا گیا کہ اب فیصلہ 17 جنوری کو سنایا جائے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ’ہمارے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے اور یہ رویہ غیر مساوی ہے۔‘

’القادر کیس سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا کیس ہے جس میں خان صاحب کی بیوی کو بھی شامل کیا گیا تاکہ ان پر دباؤ ڈالا جا سکے۔‘

’یہ ایک بے ہودہ کیس ہے اگر انصاف کا فیصلہ ہو تو آج خان صاحب کا باعزت بری ہونا لازم تھا۔‘

پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ’مذاکرات اور آج کے فیصلے کے موخر ہونے کا آپس میں کوئی تعلق نہیں ۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’اگر کوئی ڈیل کا تاثر دینا چاہ رہا ہے تو یہ اُس کی غلط فہمی ہے۔‘

190 ملین کیس کے بارے میں ہم کیا جانتے ہیں؟

نیب کے مطابق بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض نے وزیرِاعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کو القادر ٹرسٹ یونیورسٹی کے لیے موضع برکالا، تحصیل سوہاوہ ضلع جہلم میں واقع 458 کنال، 4 مرلے اور 58 مربع فٹ زمین عطیہ کی ہے، جس کے بدلے میں مبینہ طور پر عمران خان نے ملک ریاض کو 50 ارب روپے کا فائدہ پہنچایا تھا۔ اسی معاملے پر نیب نے سابق وزیراعظم کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔

بانی پی ٹی آئی پر الزام ہے کہ انہوں نے خفیہ معاہدے کے ذریعے 190 ملین پاؤنڈ کو حکومت پاکستان کا اثاثہ قرار دے کر سپریم کورٹ کا اکاؤنٹ استعمال کیا۔

بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی نے خصوصی معتمد فرحت شہزادی کے ذریعے موضع موہڑہ نور اسلام آباد میں 240 کنال اراضی لی اور پھر پی ٹی آئی رہنما ذلفی بخاری کے ذریعے پراپرٹی ٹائیکون سے 458 کنال اراضی القادر یونیورسٹی کے لیے حاصل کی۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے نیب اور عمران خان کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد 18 دسمبر 2024 کو سینٹرل جیل اڈیالہ میں فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو ابتدائی طور پر 22 دسمبر 2024 کو سنایا جانا تھا۔

عمران خان کی رہائی کے لیے پی ٹی آئی نے ملک بھر میں احتجاج بھی کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

لیکن عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے کہا تھا کہ مقدمے کا فیصلہ چھ جنوری 2025 کو سنایا جائے گا۔ گذشتہ سماعت پر جج کی رخصت کے باعث فیصلہ نہیں سنایا گیا تھا۔

خیال رہے کہ 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس پر احتساب عدالت نے فیصلہ 18 دسمبر 2024 کو محفوظ کیا تھا، احتساب عدالت نے فیصلہ سنانے کے لیے پہلے 23 دسمبر اور اس کے بعد چھ جنوری کی تاریخ مقرر کی تھی پھر تیسری بار 13 جنوری کی تاریخ دی۔

واضح رہے کہ 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کا ٹرائل ایک سال میں مکمل ہوا اور نیب نے ٹرائل کے دوران 35 گواہان کے بیانات ریکارڈ کرائے، بانی پی ٹی آئی کے وکلا نے گواہان پر جرح کی۔

190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں اہم گواہان سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان، سابق وزیراعلیٰ پرویزخٹک، سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال نے بھی بیان ریکارڈ کروایا، 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں گزشتہ سال 27 فروری کو فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.